کویت ،ملک میں تارکین وطن کی تعداد کم کرنے کا بل متفقہ طور پر منظور ،

غیرملکیوں کی خاص تعداد بھی متعین ہوگی

جمعرات 22 اکتوبر 2020 20:17

کویت سٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2020ء) کویت کی قومی اسمبلی نے ملک میں تارکین وطن کی تعداد کم کرنے کا بل متفقہ طور پر منظور کرلیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کویت قومی اسمبلی میں منظور ہونے والے بل کے تحت ملک میں تارکین وطن کی تعداد کم کی جائے گی۔ غیرملکیوں کی خاص تعداد بھی متعین ہوگی۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق منظور ہونے والے بل کے تحت حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ احکامات پر عمل درآمد کے پہلے سال کے دوران تارکین وطن کی تعداد متعین کرکے باقاعدگی سے رپورٹ اسمبلی میں پیش کرے۔

دریں اثنا بل میں غیرملکیوں سے متعلق سزاؤں میں نرمی کی منسوخی بھی شامل ہے، کویت حکومت نے تارکین وطن کے حوالے سے سخت سزاؤں کو کم کردیا تھا لیکن اب اسے بھی ختم کیا جارہا ہے۔کویت اسمبلی کے گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں دیگر اہم فیصلے بھی کیے گئے۔کرونا کے دوران متاثر ہونے والے کاروباری طبقے کو ریلیف دینے پر بھی اراکین نے اتفاق کیا۔اسمبلی اراکین نے ملکی وبین الاقوامی سطح پر مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔