کیپٹن(ر) صفدر کی گرفتاری کا معاملہ، حکومت سندھ نے تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی

انکوائری کمیٹی 5 وزراء پر مشتمل، بیرسٹر مرتضیٰ وہاب سمیت صوبائی وزراء ناصر شاہ، سردار علی شاہ اور اویس قادر شاہ شامل، صوبائی وزیر سعید غنی کنوینر مقرر، نوٹیفیکیشن جاری

Shehryar Abbasi شہریار عباسی جمعرات 22 اکتوبر 2020 18:35

کیپٹن(ر) صفدر کی گرفتاری کا معاملہ، حکومت سندھ نے تحقیقاتی کمیٹی قائم ..
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اکتوبر2020ء) سندھ حکومت نے کیپٹن(ر) صفدر کی گرفتاری کے معاملے پر تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے 18 اور 19 اکتوبر کی درمیانی شب پیش آنے والے واقعے کی تحقیقات کے حوالے سے تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی ہے ۔ حکومت سندھ کی جانب سے قائم کی گئی انکوائری کمیٹی 5 وزراء پر مشتمل ہو گی ۔

صوبائی وزیر سعید غنی کمیٹی کے کنوینر ہوں گے جبکہ کمیٹی میں بیرسٹر مرتضیٰ وہاب سمیت صوبائی وزراء ناصر شاہ، سردار علی شاہ اور اویس قادر شاہ شامل ہیں ۔ میڈیا ذرائع کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی 30 دن کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی ۔ محکمہ داخلہ سندھ نے انکوائری کمیٹی کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے ۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق کمیٹی صوبائی وزراء پر مشتمل ہوگی اور ان کو 30 دن کے اندر تحقیقاتی رپورٹ وزیراعلیٰ سندھ کو جمع کروانی ہوگی ۔

(جاری ہے)

انکوائری کمیٹی کے سربراہ سعید غنی ہوں گے ۔ خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کو سندھ پولیس نے مزارِ قائد کا تقدس پامال کرنے کے مقدمے میں گرفتار کیا تھا جنہیں مقامی عدالت نے ضمانت پر رہا کردیا ہے۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے دعویٰ کیا تھا کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف مقدمے کا مدعی خود دہشتگردی کی عدالت کا مفرور ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ایف آئی آر کا مدعی وقاص احمد خان دہشتگردی کورٹ کا مفرور ہے، مدعی کیخلاف تھانہ سپرہائی وے میں مقدمہ درج ہے۔ یہ سارے مدعی ایسے ہی کیوں ہیں؟ کیپٹن صفدر کو بڑے اعلیٰ سطح سے دھمکیاں آرہی تھیں کہ ہم تمہیں نہیں چھوڑیں گے۔ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ دھمکیو ں سے نوازشریف ، مریم نواز اور پی ڈی ایم مرعوب ہوجائے گی ؟ اگر ہمت ہے تو مجھے آکر گرفتار کرو۔ مجھے مراد علی شاہ نے پوری بات بتائی ہے اور مجھے پتا ہے یہاں کیا ہوا ہے۔ مشرف کا دور یاد ہے ، جب اس نے پے درپے غلطیاں کیں، ان کا بھی حال مشرف جیسا ہونے والا ہے۔ یاد رہے کہ مریم نواز کے الزام کی پولیس نے تصدیق کردی ہے۔