رینجرز اہلکار کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کے معاملے میں ملوث نہیں، اپوزیشن جھوٹا پراپیگنڈا کررہی ہے، شہباز گل

رینجرز اس سارے معاملے میں کہیں نظر نہیں آ رہی، صرف پولیس گرفتار کر رہی ہے، دروازے کا لاک پولیس کے جانے کے بعد توڑ کر تصویر کشی کی گئی جس میں مریم صفدر ماہر ہیں : معاون خصوصی کا ٹوئٹ

Shehryar Abbasi شہریار عباسی جمعرات 22 اکتوبر 2020 19:09

رینجرز اہلکار کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کے معاملے میں ملوث نہیں، اپوزیشن ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اکتوبر2020ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ کیپٹن (ر) صفدر کے معاملے میں اپوزیشن جھوٹ بول رہی ہے، سی سی ٹی وی ویڈیو سے واضح ہے کہ رینجرز ساری کارروائی میں کہیں نہیں ہے۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ "رینجرز اس سارے معاملے میں کہیں نظر نہیں آ رہی۔

صرف پولیس گرفتار کر رہی ہے۔ ہاں یہ بات یاد رکھیں کہ کراچی کے تمام بڑ ے ہوٹل اور چوک جیسے Avari، movenpick,PC اور کلفٹن چوک ،بوٹ بیسن پر 24/7 رینجرز کی گاڑیاں حفاظت کے کئیے موجود ہوتی ہیں۔براہ مہربانی جھوٹ اتنا بولیں جو ثابت کر لیں۔"
ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے ہر بڑے ہوٹل کے باہر رینجر کی گاڑی کھڑی ہوتی ہے، اپوزیشن نے ایک دور کھڑی گاڑی کی تصویریں دکھا کر کہا کہ واقعے میں رینجرز ملوث ہے۔

(جاری ہے)

اپوزیشن کو وہ جھوٹ بولنا چاہیے جو ثابت بھی کر سکیں ۔ اپنی ایک اور ٹوئٹ میں معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ "میرا چیلنج ہے ن لیگ کو اگر cctv فوٹیج میں دروازہ توڑا جاتا ہے تو دکھائیں ۔ فوٹیج میں صاف نظر آ رہا ہے کہ پولیس والے بڑی عزت اور احترام سے بغیر زور زبردستی کیپٹن صفدر کو ساتھ لے کر جا رہے ہیں۔ دروازے کا لیچ پولیس کے جانے کے بعد توڑ کر تصویر کشی کی گئی جس میں مریم صفدر ماہر ہیں ۔ "
انہوں نے کہا کہ پولیس عزت و احترام سے کیپٹن (ر) صفدر کو لے کر گئی۔ مریم صفدر نے خود دروازے کا لاک توڑ کر تصاویر شیئر کیں ۔