پشاور، اپوزیشن جماعتوں نے چالیس برس تک اقتدار میں رہ کر ملک کو معاشی طور پر مفلوج کیا،صوبائی وزیرمحب اللہ خان

جمعرات 22 اکتوبر 2020 22:13

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2020ء) خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت، لائیو سٹاک و فشریز محب اللہ خان نے کہا ہے کہ ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، اپوزیشن جماعتوں نے چالیس برس تک اقتدار میں رہ کر ملک کو معاشی طور پر مفلوج کیا اور اب ملک میں بے یقینی اور بد امنی کی فضاء قائم کرنا چاہتے ہیں لیکن انشاء اللہ ملک بہت جلد وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ترقی کے منازل طے کرے گا، صوبہ خیبر پختونخوا کے دیگر علاقوں سمیت سوات میں سڑکوں کا جال بچھایا جا رہا ہے جو علاقائی ترقی کیلئے سنگ میل ثابت ہو رہے ہیں، ماضی میں نظر انداز علاقوں کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کیا جا رہا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات مٹہ کے علاقہ فاضل بانڈہ تا جاروگو روڈ کے افتتاح کے موقع پر عمائدین علاقہ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سابق ضلعی کونسلر حبیب اللہ خان کے علاقہ پی ٹی آئی کے قائدین بھی موجود تھے، مذکورہ روڈ کی تعمیر سے سوات میں سیاحت کو فروغ ملے گا جبکہ یہ روڈ 16کروڑ روپے کی خطیر لاگت سے جدید تقاضوں کے عین مطابق تعمیر کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر محب اللہ خان کا کہنا تھا کہ عوام نے اپوزیشن کا بیانیہ مسترد کر دیا ہے۔ ملکی اداروں اور معیشت کی اینٹ سے اینٹ بجانے والے آج اپنی چوری چھپانے کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں عوام اُن کے کارناموں سے بخوبی واقف ہے، انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جبملک وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں معاشی طور پر مستحکم ہوگا انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کی حکومت پسماندہ اور دور آفتادہ علاقوں کی ترقی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور سیاحتی علاقوں تک سڑکوں کا جال بچھایا جا رہا ہے تاکہ صوبے میں سیاحت کو فروغ مل سکے اور یہاں پرعوام کو روزگار کے مواقع میسر ہو سکے، فاضل بانڈہ تا جاروگو سڑک کی تعمیر سے سوات میں سیاحت کو فروغ ملے گا۔