وفاقی حکومت کی غلط پالیسیوں سے ملک میں معاشی عدم استحکام پیدا ہوا ،سعید غنی

سندھ حکومت نے صنعتی مسائل کے حل کے لیے جامع پلان تیار کرلیا ہے اور جلد قوانین میں ترامیم کرکے اسے عملی جامہ پہنایا جائے گا،صوبائی وزیر تعلیم و محنت

جمعرات 22 اکتوبر 2020 23:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2020ء) وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی غلط پالیسیوں سے ملک میں معاشی عدم استحکام پیدا ہوا ہے، جس سے مہنگائی بھی بے قابو ہوئی، لیکن پی ٹی آئی حکومت الزام سندھ پر عائد کررہی ہی. سندھ حکومت نے صنعتی مسائل کے حل کے لیے جامع پلان تیار کرلیا ہے اور جلد قوانین میں ترامیم کرکے اسے عملی جامہ پہنایا جائے گا. ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن ٹریڈ انڈسٹری کے سالانہ عشائیہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا. سعید غنی نے کہا کہ سندھ میں صنعتی ترقی اور صنعتکاروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سندھ حکومت نے مکمل پلان تیار کرلیا ہے۔

مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے سندھ حکومت شناختی کارڈز کی طرز پر سوشل سیکورٹی کارڈز بنارہی ہے۔

(جاری ہے)

اس متعلق نادرا سے معاہدہ بھی ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی ترقی مزدوروں کی فلاح کی. ?بغیر ممکن نہیں ہے۔ صوبے میں صنعتوں سے متعلق قوانین تیار کیے جارہے ہیں۔ سعید غنی نے کہا سندھ کے باعث لیبر قوانین سے متعلق عالمی سطح پر پاکستان کی رینکنگ بہتر ہوئی اور اس کا کریڈٹ بھی وزیراعظم لے رہے ہیں۔

سعید غنی نے صنعتکاروں کو خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ ملیر ایکسپریس وے پر کام شروع ہورہا ہے، جبکہ کورنگی کاز وے پر بھی سندھ حکومت جلد پل بنائے گی. انہوں نے کہا کہ کورنگی کازوے ہمارے منصوبوں کا حصہ ہے۔ اسکے علاوہ کراچی میں تین نئے ٹریٹمنٹ پلانٹ بنائے جارہے ہیں اور اس سے متعلق پی سی ون محکمہ منصوبہ بندی نے تیار کرلی ہیں. سعید غنی نے کہا کہ یہ حقیقت ہے صوبے میں صنعتوں میں گیس کی قلت کا سامنا ہے۔

آئین میں ہے کہ جہاں سے گیس نکلے گی پہلے وہاں دی جائے۔ اس لیے صوبائی سندھ کو ضروریات کے تحت گیس دی جائے۔ سعید غنی نے کہا کہ صنعتکاروں کے مسائل کے حل کے لیے سندھ حکومت نے جامع پلان تیارکرلیا یے۔ اس متعلق تمام متعلقہ محکموں کو صنعتکاروں کے ساتھ بٹھائیں گے جبکہ صنعتی قوانین کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے قوانین میں ترمیم کرکے بہتری لائی جائے گی۔

اس متعلق محکمہ محنت، صنعت اور قانون تمام اسٹیک ہولڈرز سے ملکر تجاویز تیار کریگا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی بات کریں تو وفاق سندھ حکومت پر الزام ڈالتی ہے۔ چینی، آٹا، گھی سمیت دیگر اشیا مہنگی ہونے کا الزام بھی سندھ حکومت پر ڈالا جاتا ہے۔ پٹرول کی قیمتیں وفاق بڑھائے اور مہنگائی کا الزام وفاق سندھ پر ڈالتا رہے یہ کہاں کا انصاف ہے۔

دراصل وفاقی حکومت کی ناکام پالیسیوں سے ملکی معیشت کا جنازہ نکل گیا ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ وقافی حکومت کی غلط پالیسیوں سے مہنگائی کنٹرول نہیں ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے متعلق سندھ حکومت کی حکمت عملی کامیاب رہی۔ کورونا نے صنعتوں اور معیشت کے لیے مشکل صورتحال پیدا کی لیکن احتیاتی تدابیر اور ایس او پیز پر عمل درآمد کرکے آگے بڑھنا ہوگا۔#