تحقیق اور انسانی وسائل پر توجہ دینے والی قومیں آج ترقی یافتہ اقوام میں شمار کی جاتی ہیں ،قاسم سوری

تعلیم کی اہمیت سے انکار نہیں موجودہ حکومت ورچوئل نظام تعلیم کی ہر ممکن حوصلہ ا فزائی کرے گی، ڈپٹی اسپیکرقومی

جمعرات 22 اکتوبر 2020 23:34

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2020ء) ڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ علم تحقیق اور انسانی وسائل پر توجہ دینے والی قومیں آج ترقی یافتہ اقوام میں شمار کی جاتی ہے تعلیم کی اہمیت سے انکار نہیں موجودہ حکومت ورچوئل نظام تعلیم کی ہر ممکن حوصلہ ا فزائی کرے گی۔ تعلیمی نظام کو عام کرکے نوجوانوں کو علم کی طرف لائیں گے ۔

یہ بات انہوں نے ورچوئل یونیورسٹی کے گیارہویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان قدرتی معدنی وسائل سے مالا مال ہے لیکن ان سے ہم نے آج تک وہ استفادہ نہیں لیا جو لینا چاہئے تھا اس کی خاص وجہ ریسرچ ، جدید آلات، ہنر کی کمی ہے جو ان معدنیات کی دریافت کے لئے درکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ورچوئل یونیورسٹی سے فارغ التحصیل طلباء و طالبات کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے محنت اور لگن سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی ہے طلباء ملکی ترقی کے لئے آگے آئیں اورپوری دنیا کو یہ دکھادیں کہ ہم ایک مہذب اورذمہ دار قوم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے بچے بھی کسی سے کم نہیں وہ جس بھی شعبے میں گئے انہوں نے اعلیٰ مقام اور نام بنایا۔ مجھے فخر ہے ان نوجوانوں پر جو ملک اور قوم کی ترقی کے لئے کلیدی کردار ادا کررہے ہیں۔ قاسم خان سوری نے کہا کہ ورچوئل یونیورسٹی فروغ تعلیم کے لئے اپنا دائرہ کار صوبے کے دیگر اضلاع تک پھیلائیں تاکہ دیہی علاقوں کے نوجوان حصول تعلیم کی طرف راغب ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اسلامی تعلیمات سے سبق سیکھ کر امن و امان کی بہتری کے لئے کردار ادا کریں۔ ہمارا مذہب ایک پرامن اور اچھے معاشرے کا مظہر ہے۔ اسلام میں مساوات، تقویٰ کی اہمیت ہے۔ قاسم خان سوری نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت تعلیم پر زیادہ فنڈز خرچ کرے گی اور تعلیمی اداروں کو تمام ضروری وسائل فراہم کرے گی۔