Live Updates

پاک فوج پر تنقید کرنے والے سیاستدانوں کو بلیک لسٹ کردینا چاہیے،شوکت یوسفزئی

جمعرات 22 اکتوبر 2020 23:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور صوبائی وزیر محنت و ثقافت شوکت یوسفزئی نے مطالبہ کیا ہے کہ پاک فوج پر تنقید کرنے والے سیاستدانوں کو بلیک لسٹ کردینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ فوج کی قربانیوں سے دہشت گردی کو شکست ہوئی اور آج ہم سب جو سکون کی نیند سوتے ہیں وہ فوج پولیس اور سیکورٹی اداروں کی عظیم قربانیوں کی بدولت ممکن ہوئی ہے۔

جمہوریت کی بحالی میں صحافیوں نے بھی بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور پریس کلب میں ایک تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی فوج ایک مضبوط اور ڈسپلن فوج ہے اور پاکستان ایک ایٹمی ملک ہے۔ دنیا کی کوئی طاقت اس کو میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتی۔

(جاری ہے)

آج سب سے زیادہ تکلیف ہندوستان کو ہو رہی ہے لیکن بدقسمتی سے یہاں بھی کچھ سیاستدان ہیں جو فوج پر تنقید کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی نے نہ صرف معاشی بلکہ معاشرتی اقدار کو بھی تباہ کیا۔ سرمایہ کاری رک گئی تھی، سرمایہ کار یہاں سے اپنا سرمایہ اٹھا کر جانے لگے تھے لیکن ہمارے سیکورٹی اداروں نے اپنی جان پر کھیل کر ہمیں امن لوٹا یااور دہشتگردی ختم کی۔ آج اللہ کے فضل سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہے۔آج ملک اور خیبرپختونخوا میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔

جو لوگ ذاتی مفادات اور مقاصد کے لئے فوج پر تنقید کرتے ہیں ان کو شرم آنی چاہیے انہوں نے کہا کہ قوم اپنی بہادر فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ پشاور ہمیشہ سے خبروں کا حب رہا ہے اور اس شہر نے بڑے بڑے نامور صحافی پیدا کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقامی اور علاقائی اخبارات کی اپنی اہمیت ہے جسے کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔

حکومت بڑے اخباروں کے ساتھ ساتھ علاقائی اخبارات کی دیکھ بھال بھی کرنا چاہتی ہے جو نوجوان صحافیوں کیلئے نرسری کی طرح ہیں۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ کرونا کی وجہ سے عالمی معیشت زوال پذیر ہوئی اور اس سے تمام ممالک متاثر ہوئے ہیں جس میں پاکستان بھی شامل ہے تاہم بہترین حکمت عملی اور اچھی لیڈر شپ کی وجہ سے پاکستان ڈیفالٹ ہونے سے بچ گیا۔

انہوں نے پی ڈی ایم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جلسے جلوس کرے لیکن حکومت گرانے کی باتیں نہ کرے کیونکہ حکومت اوچھے ہتھکنڈوں سے نہیں گرائی جا سکتی۔ جس وقت عمران خان نے تحریک چلائی ان کے پاس پانامہ اور انتخابات میں دھاندلی کا ایشو تھا آج کرپشن بچانے کے علاوہ اپوزیشن کا کیا ایجنڈا ہی اس لئے عوام اپوزیشن کا ساتھ نہیں دے رہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی ہی, مشکلات ہیں لیکن اس کو حل کرنے کی کوششیں بھی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو غریبوں کا احساس ہے اس لیے انہوں نے غریبوں کو سپورٹ کرنے کے لیے کئی پروگرام شروع کیے ہیں اور اگلے مہینے سے ہیلتھ انصاف کارڈ سب کو ملنا شروع ہو جائے گا۔ اسی طرح مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ کارکن صحافیوں کی بہتری اور فلاح و بہبود کے لئے حکومت ان کا ساتھ دیتی رہے گی۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ پاک فوج ہماری فوج ہے اور قوم فوج کی قربانیوں کو تسلیم کرتی ہے اور قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اس کے خلاف باتیں اور سازش کرنے والوں کو قوم نے مسترد کر دیا ہے۔ کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ ہماری فوج کے خلاف انگلی اٹھائے۔اپوزیشن کے کچھ مایوس لوگ لندن میں بیٹھ کے تنقید کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کو پتہ ہے کہ اپوزیشن صرف و صرف کرپشن بچانے کے لیے میدان میں نکلی ہی
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات