ایچ ای سی جامعات کے اندرونی معاملات میں بالکل مداخلت نہیں کرتا،یو نیورسٹیوں کو مکمل طور پر خود مختاری حاصل ہے، ڈاکٹر طارق بنوری

کچھ اساتذہ ایچ ای سی کے باہر احتجاج کررہے ہیں،کچھ لوگ اعلیٰ تعلیم کے معیار میں بہتری نہیں چاہتے ٴ طلبا اور والدین بھی آگے آئیں اور مطالبہ کریں کہ ہمیں معیاری تعلیم چاہیئے، صحافیوں سے گفتگو

جمعرات 22 اکتوبر 2020 23:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2020ء) چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر طارق بنوری نے کہا ہے کہ ایچ ای سی جامعات کے اندرونی معاملات میں بالکل مداخلت نہیں کرتا،یو نیورسٹیوں کو مکمل طور پر خود مختاری حاصل ہے،کچھ اساتذہ ایچ ای سی کے باہر احتجاج کررہے ہیں،کچھ لوگ اعلیٰ تعلیم کے معیار میں بہتری نہیں چاہتے ، طلبا اور والدین بھی آگے آئیں اور مطالبہ کریں کہ ہمیں معیاری تعلیم چاہیئے۔

جمعرات کو چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر طارق بنوری نے صحافیوں سے گفتگوکر تے ہوئے کہا کہ کچھ اساتذہ ایچ ای سی کے باہر احتجاج کررہے ہیں،اساتذہ سے بات کرنے کی کوشش کی ہے لیکن ان کے پاس کوئی ٹھوس مطالبات نہیں ہیں جو مطالبات وہ کر رہے ہیں ان میں سے زیادہ تر ہم نے پہلے ہی حل کر دیئے ہیں،ٹی ٹی ایس اساتذہ کے مسائل حل کرچکے ہیں،بی پی ایس اساتذہ کے مسائل بھی حل کریں گے،انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے ان کو سیاسی حمایت حاصل ہے،وہ بات چیت کے موڈ میں ہی نہیں ہیں یہ بات کرنے کو تیار نہیں دھمکیاں دے رہے ہیں،اس طرح کا رویہ اساتذہ کو زیب نہیں دیتا،انہیں دلائل کے ساتھ جائز بات کر نی چاہیئے غلط بات کو فروغ نہیں دینا چاہیئے ،چئیرمین نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں ہمارے طلبا کو بہترین تعلیم فراہم کریں،معیار کو بہتر کر نا چاہتے ہیں فیکلٹی کی ٹریننگ کا کام ہم نے شروع کیا،جامعات میں معاملات کو بہتر کررہے ہیں،کچھ لوگ چاہتے ہیں معیار بہتر نہ ہو،پہلی دفعہ اساتذہ کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ایک نظام تشکیل دیا ہے اگر تھوڑے بہت لوگ یہ یہ چاہتے ہیں کہ معیار بہتر نہ ہو تو یہ اچھی بات نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر طارق بنوری نے کہا کہ ہم نے احتجاجی اساتذہ کے مالبات دیکھے ہیں یہ وہی ہیں جو ہم نے حل کر دیئے ہیں ،ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے فنڈزمیں کٹوتی حکومت نے کی ہے ملکی حالات کے مطابق ہر شعبے کے بجٹ میں کٹوتی کی گئی ہے اس کے باوجود ہم نے جامعات کے فنڈز میں کمی نہیں ہو نے دی ہے انہوں نے کہا کہ ہم جامعات کے اندرونی معاملات میں بالکل مداخلت نہیں کرتے یو نیورسٹیوں کو مکمل طور پر خود مختاری حاصل ہے ہم تو یہ چاہتے ہیں کہ جامعات اپنے معاملات کو اپنے نظام کے تحت ہی حل کریں۔

انہوں نے کہا کہ طلبا اور والدین بھی آگے آئیں اور مطالبہ کریں کہ ہمیں معیاری تعلیم چاہیئے۔ہائر ایجوکیشن کمیشن کی تعلیم دشمن پالیسیوں اور اساتذہ کے استحصال کے خلاف فیپواسا کا دھرنا دو دن سے جاری ہے۔ فیپواسا قیادت کہا ہے کہ جب تک مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے یہ دھرنا جاری رہے گا۔امیر جماعت اسلامی سینٹر سراج الحق، سینٹرفرحت اللہ بابرنے بھی اساتذہ سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

مقررین نے اس بات پہ شدید رنج و غم کا اظہار کیا کہ ایک نااہل شخص کی نالائقی اور بدانتظامی کی بدولت ناصرف جامعات میں تحقیق و تدریس کا عمل مشکلات کا شکار ہے اور جامعات معاشی بد حالی کا شکار ہو چکی ہیں بلکہ اب ملک کے معمار سڑکوں پر آ گئے ہیں۔ شدید مالی بحران کی وجہ سے جامعات کو مجبور کیا جا رہا ہے کہ وہ طلبہ و طالبات سے اضافی فیسوں کی وصولی کریں جس سے ملک کے غریب و مڈل کلاس طبقات کے ذہین طلبہ کے لیے تعلیمی حصول ناممکن ہوتا جا رہا ہے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ وہ یہ جنگ صرف اساتذہ کے لیے نہیں لڑ رہے بلکہ ملک کے مستقبل کے لیے مقدس جدوجہد کر رہے ہیں اور یہ تب تک جاری رہے گی جب تک ایچ ای سی کی بے حس انتظامیہ تعلیم دشمن استاد دشمن اور طلبہ دشمن پالیسیوں کو تبدیل نہیں کرے گی۔