ایچ ای سی جامعات کے اندرونی معاملات میں بالکل مداخلت نہیں کرتا، یونیورسٹیوں کو مکمل طور پر خود مختاری حاصل ہے، ڈاکٹر طارق بنوری

جمعرات 22 اکتوبر 2020 23:47

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2020ء) : چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) ڈاکٹر طارق بنوری نے کہا ہے کہ ایچ ای سی جامعات کے اندرونی معاملات میں بالکل مداخلت نہیں کرتا، یونیورسٹیوں کو مکمل طور پر خود مختاری حاصل ہے۔ جمعرات کو چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر طارق بنوری نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کچھ اساتذہ ایچ ای سی کے باہر احتجاج کررہے ہیں، اساتذہ سے بات کرنے کی کوشش کی ہے لیکن ان کے پاس کوئی ٹھوس مطالبات نہیں ہیں جو مطالبات وہ کر رہے ہیں ان میں سے زیادہ تر ہم نے پہلے ہی حل کر دیئے ہیں، ٹی ٹی ایس اساتذہ کے مسائل حل کرچکے ہیں، بی پی ایس اساتذہ کے مسائل بھی حل کریں گے،اس طرح کا رویہ اساتذہ کو زیب نہیں دیتا، انہیں دلائل کے ساتھ جائز بات کر نی چاہیئے غلط بات کو فروغ نہیں دینا چاہیئے ،چئیرمین نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں ہمارے طلبا کو بہترین تعلیم فراہم کریں،معیار کو بہتر کر نا چاہتے ہیں فیکلٹی کی ٹریننگ کا کام ہم نے شروع کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جامعات میں معاملات کو بہتر کررہے ہیں،کچھ لوگ چاہتے ہیں معیار بہتر نہ ہو،پہلی دفعہ اساتذہ کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ایک نظام تشکیل دیا ہے اگر تھوڑے بہت لوگ یہ یہ چاہتے ہیں کہ معیار بہتر نہ ہو تو یہ اچھی بات نہیں ہے۔ڈاکٹر طارق بنوری نے کہا کہ ہم نے احتجاجی اساتذہ کے مطالبات دیکھے ہیں یہ وہی ہیں جو ہم نے حل کر دیئے ہیں ،ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ملکی حالات کے مطابق ہر شعبے کے بجٹ میں کٹوتی کی گئی ہے اس کے باوجود ہم نے جامعات کے فنڈز میں کمی نہیں ہو نے دی ہے انہوں نے کہا کہ ہم جامعات کے اندرونی معاملات میں بالکل مداخلت نہیں کرتے یو نیورسٹیوں کو مکمل طور پر خود مختاری حاصل ہے ہم تو یہ چاہتے ہیں کہ جامعات اپنے معاملات کو اپنے نظام کے تحت ہی حل کریں۔

انہوں نے کہا کہ طلبا اور والدین بھی آگے آئیں اور مطالبہ کریں کہ ہمیں معیاری تعلیم چاہیئے۔

متعلقہ عنوان :