کراچی میں ماں کے بعد 14 سالہ بیٹی بھی غیرت کے نام پر قتل

مدینہ ٹاون کے علاقے سے تعلق رکھنے والے شخص نے 11 سال قبل بیوی، اور اب بیٹی کو بھی غیرت کے نام پر چاقو کے وار کر کے بے دردی سے قتل کر ڈالا

muhammad ali محمد علی جمعرات 22 اکتوبر 2020 20:16

کراچی میں ماں کے بعد 14 سالہ بیٹی بھی غیرت کے نام پر قتل
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اکتوبر2020ء) کراچی میں ماں کے بعد 14 سالہ بیٹی بھی غیرت کے نام پر قتل کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں دل دہلا دینے والا پیش آیا۔ رپورٹس کے مطابق ایک ظالم شخص نے 14 سالہ بیٹی کو غیرت کے نام پر قتل کر ڈالا۔ کراچی کے علاقے مدینہ ٹاون میں پیش آئے اس افسوسناک واقعے کی تفصیلات کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ قاتل نے 11 سال قبل اپنی بیوی کو بھی قتل کر ڈالا تھا۔

قاتل نے بیوی کو بھی غیرت کے نام پر ہی قتل کیا تھا، جبکہ اب 14 سالہ بیٹی کو بھی غیرت کے نام پر قتل کیا ہے۔ ظالم شخص نے نوجوان بیٹی پر چاقو کے پے درپے وار کر کے اسے بے دردی سے قتل کرنے کے بعد لاش اٹھا کر گلی میں پھینک دی۔ بعد ازاں قاتل نے خود پولیس کو فون کر کے واقعے کی اطلاع دی، اور گرفتاری دے دی۔

(جاری ہے)

قاتل نے اعتراف جرم بھی کر لیا ہے۔ اہل محلہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ واقعے کی رات 3 بجے قاتل کے گھر سے مقتولہ کی چیخ و پکار کی آوازیں سنائی دیں تو لوگ اکٹھے ہو کر گھر میں داخل ہوئے، تاہم تب لڑکی کی موت واقع ہو چکی تھی۔

محلے کی خواتین کا کہنا ہے کہ مقتولہ پر لگائے جانے والا الزام غلط ہے۔ لڑکی کسی بھی قسم کے غلط کام میں ملوث نہیں تھی، لڑکی اس قدر شریف تھی کہ کبھی گھر کے دروازے پر بھی کھڑی نظر نہیں آئی۔ 10 سال کے دوران کبھی بھی مقتولہ سے متعلق کوئی غلط بات نہیں سنی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جلد اسے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ واقعے کے حوالےسے لوگوں کی جانب سے سوال کیا جا رہا ہے کہ اگر اس شخص نے 11 سال قبل اپنی بیوی کو قتل کیا تھا، تو کیسے یہ شخص اب تک آزاد تھا، اسے کوئی سزا کیوں نہ دی گئی؟۔ اگر قاتل کیخلاف 11 سال قبل ہی قتل کے واقعے کے حوالے سے کوئی کاروائی کی گئی ہوتی، تو پھر شاید آج اس شخص کی 14 سالہ بیٹی زندہ ہوتی۔