حکومت پنجاب کے دیہی مرغبانی پروگرام کے تحت فیصل آباد ڈویڑن میں 5082پولٹری یونٹس تقسیم کئے جاچکے ہیں، ڈویڑنل ڈائریکٹرلائیوسٹاک

جمعہ 23 اکتوبر 2020 16:30

حکومت پنجاب کے دیہی مرغبانی پروگرام کے تحت فیصل آباد ڈویڑن میں 5082پولٹری ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2020ء) : ڈویڑنل ڈائریکٹرلائیوسٹاک فیصل ا?باد ڈاکٹراختر محمود نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے دیہی مرغبانی پروگرام کے تحت ڈویڑن بھرکے چاروں اضلاع میں 5082پولٹری یونٹس تقسیم کئے جاچکے ہیں جن میں 717میل پولٹری یونٹس جبکہ 4365 متفرق فی میل پولٹری یونٹس شامل ہیں۔اے پی پی سے خصوصی بات چیت کے دوران انہوں نے بتایا کہ ایک میل پولٹری یونٹس 12مرغوں پر مشتمل ہے جبکہ فی میل متفرق یونٹ 5مرغیوں اور ایک مرغے پر مشتمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے اس منصوبے کا مقصد دیہاتوں میں غریب مرد و خواتین کو معاشی طور پرمستحکم کرنا اور معیاری گوشت اور انڈے فراہم کرنا ہے تاکہ بچوں اور مردوخواتین میں پروٹین کی کمی کو پورا کیا جاسکے اور ان کی بہتر نشوونما کو یقینی بنایا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ضلع فیصل آباد میں 180میل پولٹری یونٹس جبکہ 1ہزار متفرق فی میل پولٹری یونٹس،جھنگ میں 180 اور 1400،ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 177اور1ہزار اور چنیوٹ میں اب تک 180اور 965 پولٹری یونٹس رجسٹرڈ مردوخواتین میں تقسیم کئے جاچکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ آنے والے ایک سے ڈیڑھ ماہ میں ڈویڑن بھرکے چاروں اضلاع میں 2ہزار سے 22سو پولٹری یونٹس تقسیم کئے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ پولٹری یونٹس کیلئے مردوخواتین کیلئے رجسٹریشن کے عمل کو انتہائی شفاف رکھا گیا ہے جو مردوخواتین پہلے پولٹری یونٹس حاصل کر چکے ہیں ان کو اگلے مرحلے میں یہ سہولت میسر نہیں ہوسکے گی۔انہوں نے بتایا کہ دیہی مرغبانی پروگرام میں 70 فیصد سرمایہ حکومت پنجاب جبکہ 30 فیصد رقم وفاقی حکومت فراہم کر رہی ہے جبکہ ایک پولٹری یونٹ 1050 روپے کی انتہائی سستی قیمت پر غریب و مستحق مردوخواتین کو فراہم کیا جارہاہے۔

متعلقہ عنوان :