دُبئی اور شارجہ میں مقیم افراد کے لیے خوشخبری سُنا دی گئی

دونوں ریاستوں کے درمیان نیا بس رُوٹ شروع، سفر کا دورانیہ 15 منٹ کم ہو گا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 23 اکتوبر 2020 17:53

دُبئی اور شارجہ میں مقیم افراد کے لیے خوشخبری سُنا دی گئی
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23 اکتوبر2020ء) دُبئی اور شارجہ میں لاکھوں تارکین وطن مقیم ہیں۔ بیشتر افراد کو روزگار کے سلسلے میں روزانہ شارجہ سے دُبئی کا سفر کرنا ہوتا ہے جس پر اُن کا بہت سا قیمتی وقت ضائع ہوتا ہے۔ تاہم دُبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA)کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اب دُبئی اور شارجہ کے درمیان سفر کا دورانیہ 15 منٹ کم ہو جائے گا۔

دونوں ریاستوں کے درمیان بس کا نیا رُوٹ 25اکتوبر سے شروع کیا جا رہا ہے۔ یہ نیا بس رُوٹ القصیص انڈسٹریل ایریا سے النہدہ میٹر و سٹیشن کے درمیان شروع ہو گا۔ جسے میٹرو لنک بس (F81)کا نام دیا گیا ہے۔القصیص سے النہدہ میٹرو سٹیشن کے نئے رُوٹ پر رش کے اوقات میں ہر پندرہ منٹ بعد بس روانہ ہو گی۔اتھارٹی کے مطابق اسی روز دُبئی شارجہ کے درمیان ایک نئی بس لین کھول دی جائے گی جس کے بعد دُبئی اور شارجہ کے درمیان سفر کا دورانیہ 15 منٹ کم ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

25 اکتوبر کے روز دیگر بسوں کے رُوٹ میں تبدیلی کا اعلان کیا جائے گا۔ روڈز اتھارٹی کے ایک اعلیٰ عہدے دار عادل شاکری کے مطابق رُوٹ نمبر E303 پر الخان اور ممزار لنکس پر ایک نئی بس لین بھی کھول دی جائے گی جس سے دُبئی میٹرو اسٹیشن اور شارجہ کے الجبیل اسٹیشن کے مسافروں کو بڑا فائدہ ہو گا۔ اور سفر کا دورانیہ 15 منٹ کم ہو جائے گا۔ اس نئے رُوٹ پر دس ڈبل ڈیک بسیں بھی چلائی جائیں گی۔ رُوٹ نمبر 77 کو ایمریٹس میٹر و اسٹیشن کے ذریعے RTA کے ہیڈ آفس تک آگے کر دیا جائے گا۔ رُوٹ نمبر C19ختم کیا جا رہا ہے جبکہ روٹ نمبر X94، X02، DPR1، 367، 97، 64A اور 7 پر سروس ٹائم میں بھی تبدیلی ہو گی۔