جو لوگ مشکلات سے گھبراتے ہیں وہ کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے ، پروفیسر ڈاکٹر طیبہ شاہین

جمعہ 23 اکتوبر 2020 19:31

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اکتوبر2020ء) چیلنجز سے ہرگز پریشان نہیں ہونا چاہئے کیونکہ جو لوگ مشکلات سے گھبراتے ہیں وہ کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے تاہم جودشواریوں کا مقابلہ کرنا جانتے ہیں کامیابی ان کے قدم چومنے پر مجبور ہو جاتی ہے ان خیالات کا اظہار چیئرپرسن بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر طیبہ شاہین نے پاکستان سائنس فائونڈیشن اسلام آباد کے زیراہتمام ہونے والے مقابلہ سائنس مضمون نویسی و مقابلہ سائنس پوسٹر کے پوزیشن ہولڈر طلباء وطالبات کو انعامات دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ سائنسی تعلیم نے دنیا کو گلوبل ویلج بنا دیا ہے سائنس کی بدولت ہی آج دنیا نے چاند کو مسخر اور مہینوں کے فاصلوں کو منٹوں میں تبدیل کر دیا سائنس ہی ہے جو طلباء وطالبات کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں ممدومعاون ثابت ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

تقریب ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد کی لائبریری میں ہوئی جس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبولؐ سے ہواجس کا شرف میاں عامر سرور نے حاصل کیا اس موقع پر اسٹیج سیکرٹری کے فرائض پی آر او تعلیمی بورڈ فیصل آباد تیمور سہیل خان لودھی نے سرانجام دیئے جبکہ پاکستان سائنس فائونڈیشن اسلام آباد کی طرف سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فیصل آباد رانا محمد سعید شریک ہوئے اور ریسرچ انویسٹی گیٹر رانا ذوالفقار علی منہاس بھی وہاں موجود تھے۔

مقابلہ سائنس مضمون نویسی میٹرک لیول کا موضوع ’’ہماری بدلتی زمین اور گلوبلائزیشن کے اثرات‘‘ تھا جس میں چنیوٹ اسلامیہ گرلز ہایئر سیکنڈری سکول فیصل ٹائون فیصل آباد کی طالبہ مریم طاہر نے پہلی پوزیشن حاصل کی‘ سٹی سٹار پبلک ہائی سکول 424-A پیپلز کالونی نمبر1 فیصل آباد کی طالبہ زینب نے دوسری اور سیکرڈ ہارٹ ہائی سکول نواز چوک سول لائنز جھنگ کے طالب علم محمد احسن وقار اعجاز نے تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ مقابلہ سائنس پوسٹر میں سیکرڈ ہارٹ گرلز ہائی سکول جھنگ صدر کی طالبہ شیزا کاشف اول‘ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نمبر 1 ٹوبہ ٹیک سنگھ کی طالبہ زریاب فاطمہ دوئم اور چنیوٹ اسلامیہ ہائی سکول فیصل ٹائون فیصل آباد کے طالب علم محمد معیض گل سوئم رہے۔

آخر میں چیئرپرسن بورڈ پروفیسر ڈاکٹر طیبہ شاہین نے تمام پوزیشن ہولڈر طلباء وطالبات کوانعامات دینے کے ساتھ انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے پاکستان سائنس فائونڈیشن کی طرف سے طلباء وطالبات کے مابین سائنسی مقابلوں کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے انہیں شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ جس پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر پاکستان سائنس فائونڈیشن فیصل آباد رانا محمد سعید نے چیئرپرسن بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان سائنس فائونڈیشن کی طرف سے طلباء وطالبات کو دیگر سکالرشپ دیئے جانے سے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا۔