بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان مقابلہ، کئی دہشتگرد مارے گئے

سی ٹی ڈی نے دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کی، دہشتگردوں کی فائرنگ سے دو اہلکار زخمی، مقابلے کے دواران دو دھماکوں کی آوازیں بھی سنائی دیں

Shehryar Abbasi شہریار عباسی جمعہ 23 اکتوبر 2020 22:23

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان مقابلہ، کئی دہشتگرد ..
مستونگ (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 23 اکتوبر2020ء) سیکیورٹی فورسز کی بلوچستان کے علاقے مستونگ میں دہشتگردوں کیخلاف کارروائی، مقابلے میں کئی دہشتگرد ہلاک ہوگئے، مقابلے کے دوران دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں ۔ تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے بلوچستان کے علاقے مستونگ میں کارروائی کرتے ہوئے چار دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق مستونگ کے علاقے دشت میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کا محاصرہ کیا گیا تو دہشت گردوں نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی، جوابی فائرنگ کے نتیجے میں چار دہشت گرد مارے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو اہلکار بھی زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لئے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیاہے، مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے خودکش جیکٹس، بھاری مقدار میں اسلحہ اور دھماکاخیز مواد برآمد کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مقابلے دوران دو دھماکوں کی بھی آوازیں سنی گئیں ۔ واضح رہے کہ گذشتہ ماہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے اہم رکن کو گرفتار کیا تھا، سی ٹی ڈی کا حکام کے مطابق ملزم نے دوران حراست سریاب میں قتل، ڈبل روڈ پر بینک ڈکیتی کا بھی اعتراف کیا۔