بھارتی پرچم سے تعلق کشمیر کی وجہ سے تھا، آرٹیکل 370 کے خاتمے کے ساتھ ہی وہ تعلق ختم ہوگیا، محبوبہ مفتی

جب تک کشمیر کے پرچم کی حیثیت بحال نہیں ہوتی تب تک بھارتی ترنگا بھی قبول نہیں کیا جائے گا، سابق وزیراعلیٰ مقبوضہ کشمیر محبوبہ مفتی نے پریس کانفرنس میں بھارتی پرچم رکھنے سے انکار کردیا، بھارتی میڈیا تلملا کر رہ گیا

Shehryar Abbasi شہریار عباسی جمعہ 23 اکتوبر 2020 23:27

بھارتی پرچم سے تعلق کشمیر کی وجہ سے تھا، آرٹیکل 370 کے خاتمے کے ساتھ ہی ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 23 اکتوبر2020ء) سابق وزیراعلیٰ مقبوضہ کشمیر محبوبہ مفتی نے پریس کانفرنس کے دوران بھارتی پرچم رکھنے سے انکار کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز ڈیموکریٹک موومنٹ کی سربراہ اور سابق وزیراعلیٰ مقبوضہ کشمیر محبوبہ مفتی نے پریس کانفرنس کے دوران بھارتی ترنگا رکھنے سے انکار کر دیا۔ بین الاقوامی میڈیا ذرائع کے مطابق پریس کانفرنس میں محبوبہ مفتی کی جانب سے بھارتی ترنگا نہ رکھنے پر بھارتی میڈیا نے شدید احتجاج کیا ۔

ذرائع کے مطابق محبوبہ مفتی کا بھارتی پرچم کانفرنس میں رکھنے سے انکار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جب تک کشمیر کے پرچم کی حیثیت بحال نہیں ہو جاتی تب تک بھارتی ترنگا بھی قبول نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ رات کے اندھیرے میں ڈاکوؤں نے کشمیر کا قومی پرچم چھین لیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی ترنگے سے ہمارا تعلق مقبوضہ کشمیر کے پرچم کی وجہ سے تھا جو مقبوضہ کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والے آرٹیکل 370 کے خاتمے کے ساتھ ہی ختم ہو چکا ہے ۔

واضح رہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والے آرٹیکل 370 کے خاتمے سے پہلے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اور مقبوضہ کشمیر کا پرچم دونوں لہرائے جاتے تھے، لیکن بھارت نے آرٹیکل 370 کے خاتمے کے بعد مقبوضہ کشمیر کی سرکاری عمارتوں پر سے کشمیر کا پرچم ہٹا دیا ہے ۔ یاد رہے کہ ہندوستان کی ہندوتوا نظریے کی حامل مودی حکومت نے گزشتہ برس اگست میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کا قانون آرٹیکل 370 ختم کردیا تھا ۔ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد دنیا بھر میں بھارتی ریاستی دہشتگردی پر ساری دنیا میں موجود کشمیری سراپا احتجاج ہیں ۔ پاکستان کی جانب سے بھی مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ میں بار بار اٹھایا جا رہا ہے۔