Live Updates

وزیر اعظم کی جانب سے شہباز شریف کے خلاف درخواست دائر

درخواست میں سابق وزیراعلی کے خلاف نیب ریفرنسز، انکوائریز اور مقدمات کا ریکارڈ طلب کرنے کی استدعا کی گئی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 24 اکتوبر 2020 14:09

وزیر اعظم کی جانب سے شہباز شریف کے خلاف درخواست دائر
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔24 اکتوبر ۔2020ء) وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے شہباز شریف کے خلاف مقامی عدالت میں درخواست دائر کر دی گئی ہے. تفصیلات کے مطابق لاہور کی مقامی عدالت میں وزیر اعظم عمران خان کے خلاف مسلم لیگ( ن) کے صدر شہباز شریف کے ہرجانہ کیس کی سماعت ہوئی دائر کردہ درخواست میں شہباز شریف کے خلاف نیب ریفرنسز، انکوائریز اور مقدمات کا ریکارڈ طلب کرنے کی استدعا کی گئی.

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ شہباز شریف نے ریکارڈ طلبی کی ہماری درخواست کا ڈیڑھ سال گزرنے کے باوجود جواب نہیں دیا اور اسی وجہ سے ہرجانہ کیس آگے نہیں بڑھ سکا ہے.

(جاری ہے)

یاد رہے کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان پر ہتک عزت کے دعوے اور10ارب ہرجانے کی درخواست دائرکی گئی تھی‘اسی درخواست کے جواب میں وزیراعظم نے اپنے وکیل کے ذریعے سابق وزیراعلی پنجاب کے خلاف درخواست جمع کروائی ہے.

شہباز شریف کی جانب سے درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ عمران خان کے وکیل بابر اعوان عدالت میں پیش نہیں ہورہے اور عمران خان پر ہتک عزت کا دعویٰ 3 سال سے زیرالتوا ہے جس پر لاہور کے ایڈیشنل سیشن جج سہیل انجم نے شہبازشریف کی متفرق درخواست پر سماعت کے دوران 5جون 2020کو فریقین کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کیا تھا. شہباز شریف نے یہ درخواست وزیراعظم عمران خان کی25 اپریل 2017 میں شوکت خانم ہسپتال میں تقریر کے خلاف دائر کی تھی تقریر میںعمران خان نے الزام عائد کیا تھا کہ انہیں پاناما کیس پر خاموشی اختیار کرنے کے عوض 10 ارب روپے کی پیشکش کی گئی تھی.

بعدازں عمران خان نے ایک انٹرویو کے دوران مالی پیشکش کرنے والے شخص کا نام تو نہیں بتایا البتہ ان کا کہنا تھا کہ وہ شخص وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا بہت قریبی ہے جولائی 2017 میں شہباز شریف کی جانب سے تحریک انصاف کے چیئرمین اور موجودہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا گیا تھا.
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات