پیپلزپارٹی آزادکشمیر نے مظفرآباد میں تین روزہ عوامی رابطہ مہم کا آغاز چہلہ بانڈی سے کردیا

ْ ثابت کردیں گے عوامی مقبولیت میں پیپلزپارٹی اپنا مقام نمایاں رکھتی ہے، لطیف اکبر چوہدری

ہفتہ 24 اکتوبر 2020 14:30

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2020ء) پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر نے ڈویژن مظفرآباد میں عوامی رابطہ مہم کا آغاز چہلہ بانڈی سے کردیا جس میں ایک عالی شان ریلی کا انعقاد کیا جس میں صدر پیپلزپارٹی آزادکشمیر ،سیکرٹری اطلاعات پیپلزپارٹی،سابق وزراء ،مرکزی سیکرٹری ریکارڈ شوکت جاوید میر سمیت اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی ،ریلی ایک عظیم عالی شان جلوس کی شکل میں اٹھ مقام کی طرف روانہ ہوگئی جو اٹھ مقام میں جلسہ عام سے شروعات کرتے ہوئے آگے علاقوں کی جانب روانہ ہوگی ۔

تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی آزادکشمیر ڈویژن مظفرآباد نے عوامی رابطہ مہم کا آغاز جو 24اکتوبر سے 27اکتوبر تک اختتام پذیر ہوگا ،شروعات کردی ،ریلی کی قیادت صدر پیپلزپارٹی آزادکشمیر لطیف اکبر چوہدری،مرکزی سیکرٹری اطلاعات سردار جاوید ایوب ،پرویز اشرف ،سابق صدر آزادکشمیر سردار یعقوب خان ،شوکت راٹھور،مرکزی سیکرٹری ریکارڈ شوکت جاوید میر ،چوہدری پرویز ،اعجاز کاظمی،راجہ فیصل،عامر شیخ ،انیس اعوان،راجہ بشارت افضل ،خالد اعوان،سردار تبارک ،اظہر شیخ ،خورشید کیانی ،ارشد جگدیالی،راجہ خاور قیوم دھیرکوٹ سمیت دیگر رہنمائوں نے شرکت کی ، خواتین میں مسرت شیخ،فوزیہ وہاب سمیت دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

صدر پیپلزپارٹی آزادکشمیر لطیف اکبر چوہدری نے کہاکہ ثابت کردیں گے عوامی مقبولیت میں پیپلزپارٹی اپنا مقام نمایاں رکھتی ہے ، عوام کی جانب سے شرکت کے بعد انشا ء اللہ امید کرتے ہیں کہ آئندہ حکومت آزادکشمیر میں پیپلزپارٹی کی ہوگی،کارکن تیاری کرلیں ،اٹھ مقام میں ایک عالی شان جلسہ ہوگا جس کا اہتمام سابق وزیر حکومت میاں وحید نے کیا ہے اِسی طرح اس سے آگے دیگر علاقوں میں بھی عوامی رابطہ مہم شروع کردی گئی ہے ۔

جبکہ مرکزی سیکرٹری ریکارڈ شوکت جاوید میر اپنے ینگ دوستوں اور پی وائے ی او کے ساتھ ریلی میں پہنچے ۔اُنہوں نے کہا کہ ہماری آج کی ریلی حکومت آزادکشمیر کے سینے پر ایک کیل کی طاقت رکھتی ہے ، یہ گاڑیوں کا قافلہ اس بات کا ثبوت ہے کہ مسلم لیگ (ن) اورتحریک انصاف سے لوگ تنگ آگئے ہیں ،پیپلزپارٹی میں شامل ہونے کیلئے عوام جوگ درجوگ پارٹی میں شامل ہورہی ہے۔

جبکہ مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے تمام کارکنان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مختصر سی کال پر عوام کی جانب سے اتنی بڑی تعداد میں ریلی میں شرکت دیکھ کر دل خوش ہوا وہ وقت دور نہیں جب پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے اندر اپنی حکومت بناکر گزشتہ 5سال قبل جو منصوبے تعطل کا شکار تھے ،دوبارہ شروع کریں گے جبکہ چہلہ بانڈی سے سٹی صدر راجہ بشارت افضل کی قیادت میں بڑی تعداد میں کارکنوں کی شرکت کے بعد ریلی اٹھ مقام کی جانب رواں دواں ہوئی ،پٹہکہ کے مقام پر بھی عوام کی کافی تعداد پیپلزپارٹی کی عوامی رابطہ ریلی میں شرکت کیلئے پہنچ گئی ۔