مصر نے النہضہ ڈیم کو دھماکے سے اڑا دینے کی دھمکی دی ہے، ٹرمپ

مصر دریائے نیل میں اپنے حصے کے تحفظ کا حق رکھتا ہے کیوں کہ وہ ایتھوپیا کی خلاف ورزیوں پر غصے کا شکار ہے: بیان

ہفتہ 24 اکتوبر 2020 15:05

مصر نے النہضہ ڈیم کو دھماکے سے اڑا دینے کی دھمکی دی ہے، ٹرمپ
قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2020ء) مصر نے مذاکرات میں ایتھوپیا کی ہٹ دھرمی کے جواب میں النہضہ ڈیم کو دھماکے سے اڑا دینے کی دھمکی دے دی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس بات کا انکشاف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوڈان کی خود مختار کونسل کے سربراہ اور سوڈانی اور اسرائیلی وزرا اعظم کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران کیا۔

مصری میڈیا کے مطابق سوڈانی وزیر اعظم عبداللہ حمدوک اور ٹرمپ کے درمیان بات چیت میں النہضہ ڈیم کا معاملہ زیر بحث آیا۔ اس موقع پر ٹرمپ نے بتایا کہ مصر نے النہضہ ڈیم کو تباہ کرنے کی دھمکی دی ہے اور ہم مصر کی ملامت نہیں کر سکتے کیوں کہ وہ ایتھوپیا کی خلاف ورزیوں پر غصے کا شکار ہے۔ یہ خلاف ورزیاں دریائے نیل کے پانی پر منفی طور اثر انداز ہو رہی ہیں۔

(جاری ہے)

امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایتھوپیا کی یہ خلاف ورزیاں ناقابل قبول ہیں بالخصوص جب کہ امریکا کی سرپرستی میں تینوں ممالک ایک سمجھوتے تک پہنچ گئے تھے اور پھر ایتھوپیا آخری لمحات میں پیچھے ہٹ گیا۔ ٹرمپ نے واضح کیا کہ مصر دریائے نیل میں اپنے حصے کے تحفظ کا حق رکھتا ہے۔ٹرمپ نے باور کرایا کہ ایتھوپیا مذکورہ معاہدے کی پاسداری سے قبل آئندہ امدادی رقوم کی صورت نہیں دیکھ سکے گا۔

امریکی صدر نے اپنی گفتگو کے اختتام پر کہا کہ ہم عین وقت پر ایتھوپیا کے اس معاہدے سے دست بردار ہونے کو مسترد کرتے ہیں۔ صورت حال خطر ناک ہے اور مصر اس طرح سے نہیں رہ سکتا۔ وہ پہلے ہی اس حوالے سے صریح طور پر خبردار کر چکا ہے لہذا ایتھوپیا پر لازم ہو گیا ہے کہ اس حوالے سے کچھ کرے۔ایتھوپیا کے شہری ہوابازی کے ادارے کے سربراہ نے چند روز قبل اعلان کیا تھا کہ ان کے ملک نے النہضہ ڈیم کے اوپر سے طیاروں کی آمد و رفت پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔