آل کراچی انٹر ڈسٹرکٹس راشد منہاس ٹرافی باسکٹ بال ٹورنامنٹ کا آغاز

افتتاحی میچ ائر مارشل نور خان الیون نے مد مقابل ائر مارشل اصغر خان الیون کو مات دیدی

ہفتہ 24 اکتوبر 2020 17:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2020ء) کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے تحت انٹر نیشنل عبدالناصر باسکٹ بال کورٹ آرام باغ کراچی پر "آل کراچی انٹر ڈسٹرکٹس راشد منہاس باسکٹ بال ٹورنامنٹ "کا شاندار آغاز ہوگیا ،ایڈمنسٹریٹر و ڈپٹی کمشنر سائوتھ ارشاد علی سوڈھر نے اسپورٹس شخصیات کے ساتھ کراچی میں باسکٹ بال کے بڑے ایونٹ کا افتتاح کردیا ،ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ ائر مارشل نور خان الیون نے مد مقابل ائر مارشل اصغر خان الیون کو کانٹے دار مقابلے کے بعد 46کے مقابلے میں 49پوائنٹس سے مات دیدی ۔

پروقار افتتاحی تقریب میں نہ صرف ٹورنامنٹ بلکہ بلدیہ جنوبی کی جانب سے نو تزئین شدہ باسکٹ بال کورٹ کا افتتاح کرتے ہوئے ارشاد علی سوڈھر نے کہاکہ میری دلی خواہش ہے کہ ضلع جنوبی جو با بائے قوم حضرت قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کی جائے پیدائش ہے جب تک میں اس منصب پر فائز ہوں ضلع جنوبی کو صحت مند سرگرمیوں کا مرکز بنا نے کے لئے اپنی کاوشیں بروئے کار لاتا رہوں گا جس میں سر فہرست کھیل کا شعبہ ہوگا انہوں نے کہاکہ آج اس باسکٹ بال کورٹ کی تزئین و آرائش کا پہلا مرحلہ مکمل ہوا ہے انشا اللہ دوسرے مرحلے میں واش رومز اور پبلک انکلوژر میں کرسیوں کی تنصیب کا آغاز جلد شروع کردیا جائیگا KBBAکی اپیل پر نومبرکے آخری ہفتے میں DMCسائوتھ گرلز باسکٹ بال چمپئن شپ اسپانسر کرنے کا اعلان کیا ۔

(جاری ہے)

ارشاد علی سوڈھر نے کہاکہ بلدیہ جنوبی آرام باغ کو ملک کا خوبصورت پارک بنا رہی ہے جس میں عوام کو کھیل سمیت ہر قسم کی سہولت حاصل ہوگی جہاں بچوں ،خواتین اور بزرگوں کے لئے خصوصی سہولیات میسر ہوں گی انہوں نے DMCسائوتھ اور ضلع انتظامیہ کی جانب سے شاہدہ پروین کیانی کو باسکٹ بال کورٹ کو الیکٹرانک اسکور بورڈ کا عطیہ دینے پر دلی تشکر کا اظہار کیا اس موقع پر کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر غلام محمد خان نے ایڈمنسٹریٹر و ڈپٹی کمشنر سائوتھ ارشاد علی سوڈھر کا ٹورنامنٹ کے انعقاد اور کورٹ کی تزئین و آرائش کرنے پر اظہار تشکر کیا انہوںنے محکمہ پارکس اینڈ سروسز اور اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ بلدیہ جنوبی کا بھی شکریہ ادا کیا غلام محمد خان نے اعلان کیا کہ اس ٹورنامنٹ کا فائنل یکم نو مبر کو منعقد ہوگا تقریب سے پاکستان ٹینس فیڈریشن کے نائب صدر خالد جمیل شمسی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کراچی کے سابق صدر سید نجمی عالم ،پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کے میڈیا کوارڈینٹر آصف عظیم ،SOAکے نائب صدر انجینئر محفوظ الحق ،آغا سمیر خان درانی ،احمر صدیقی ،امجد علی خان ،عبدالناصر ،محمد سلیم خمیسانی ،محمد ارشد ،عظمت اللہ خان ،مطاہر ملک اور دیگر نے شرکت کی دریں اثناء افتتاحی میچ کی فاتح ائر مارشل نور خان الیون کی جانب سے حسن اقبال 15حمزہ خواجہ 13اور حمزہ پروانی نے 11جبکہ رنر اپ ائر مارشل اصغر خان الیون کی جانب سے انجینئر زین العابدین 12،شارق سلیمان 10اور حسن علی نے 9باسکٹ پوائنٹس اسکور کئے کھیلے گئے میچ میں ریفریز کے فرائض زاہد ملک ،سید مصنف شاہ اور اشرف یحییٰ جبکہ ٹیکنیکل آفیشلز طارق حسین ،زعیمہ خاتون ،ڈاکٹر نعیم، ممتاز احمد اور راج کمار تھے ۔