پی سی بی کا ڈومیسٹک کنٹریکٹ ، 187 کھلاڑیوں نے دستخط کردیے

نئے کنٹریکٹ کے تحت کھلاڑیوں کو ماہانہ وظیفہ، میچ فیس، ڈیلی الاؤنس اور انعامی رقم کا حصہ بھی دیا جائے گا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 24 اکتوبر 2020 17:21

پی سی بی کا ڈومیسٹک کنٹریکٹ ، 187 کھلاڑیوں نے دستخط کردیے
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 اکتوبر2020ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے سال 2020ء اور2021ء کے سیزن کیلئے 187 کھلاڑیوں کی طرف سے ڈومیسٹک کنٹریکٹ پر دستخط کرنے کی تصدیق کردی گئی ، سابق کپتان سلمان بٹ ذاتی وجوہات کے باعث قائداعظم ٹرافی سے بھی دستبردار ہوگئے ، قومی بلے باز نے ڈومیسٹک کنٹریکٹ بھی سائن نہیں کیا۔ پی سی بی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کھلاڑیوں کے ساتھ کیے جانے والے نئے کنٹریکٹ کے تحت کھلاڑیوں کو ماہانہ وظیفہ، میچ فیس، ڈیلی الاؤنس اور انعامی رقم کا حصہ بھی دیا جائے گا ، جب کہ ایک سال کے لیئے ہونے والے اس ڈومیسٹک کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کو 40 ہزار سے لے کر ایک لاکھ 50 ہزارروپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا ، تاہم 187 میں سے 32 کھلاڑیوں کی طرف سے ساڑھے 5 ماہ کے لیے کنٹریکٹ پر دستخط کیے گئے جوکہ پاکستان کپ کے ساتھ ہی ختم ہوجائے گا پی سی بی کے مطابق کنٹریکٹ کے تحت کھلاڑیوں کو ڈیلی الاؤنس، میچ فیس اور انعامی رقم کا حصہ ملے گا۔

(جاری ہے)

پاکستان کرکٹ بورڈ نے 5 قومی کرکٹرز کے لئے مخصوص کٹیگیری متعارف کروائی ہے ، جن میں کامران اکمل، محمد حفیظ، شعیب ملک، وہاب ریاض اور عمر گل شامل ہیں ، جنہوں نے ایونٹ کی بنیاد پر کنٹریکٹ پر دستخط کیے ، ان ہی کھلاڑیوں کی ٹی 20 اور ون ڈے کے لیے دستیابی کی غرض سے کٹیگری کو متعارف کروایا گیا ، تاہم اس میں شامل کھلاڑیوں کو صرف ڈیلی الاؤنس، میچ فیس اور انعامی رقم میں ہی ان کا حصہ ملے گا ، دوسری طرف قومی فاسٹ بالر عمر گل چوں کہ ہر طرح کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں تو اسی لیے انہیں صرف نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ تک کی ادائیگی کی جائے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ حکام کی طرف سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ڈومیسٹک کنٹریکٹ پر دستخط کرنے والوں کے علاوہ دیگر 70 کرکٹرز کو بھی اضافی کھلاڑیوں کے پول میں رکھا گیا ہے ، تاہم ان کھلاڑیوں کو سیزنل یا ایونٹ کی بنیاد پر کنٹریکٹ دیا جائے گا تاہم کنٹریکٹ حاصل کرنے کے لیے ضروری ہوگا کہ متعلقہ ٹیم کا ہیڈ کوچ اس کھلاڑی کا انتخاب کرے۔