Live Updates

صحافیوں اورپولیس والوں کو اغواء کیا جارہاہے ، مرکزی نائب صدرپاکستان مسلم لیگ(ن)

حکومت عقل مندی سے عوام کی خدمت کرتی تو شایدوہ کچھ اوروقت گزار لیتی لیکن فرعونیت پر اترجانے والی حکومت کو اب عوام مزیدوقت نہیں دینگے 72سالوں میں پہلی بار عوام نے خوف کی زنجیریں توڑدی ہیں اور خوف پھیلانے والوں کے احتساب کا مطالبہ کیاہے، تقریب سے خطاب

ہفتہ 24 اکتوبر 2020 18:23

صحافیوں اورپولیس والوں کو اغواء کیا جارہاہے ، مرکزی نائب صدرپاکستان ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2020ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی مرکزی نائب صدرمریم نواز شریف نے کہا ہے کہ صحافیوں اورپولیس والوں کو اغواء کیا جارہاہے جعلی اور دھاندلی زدہ حکومت اگر عقلی مندی سے عوام کی خدمت کرتی تو شایدوہ کچھ اوروقت گزار لیتی لیکن فرعونیت پر اترجانے والی حکومت کو اب عوام مزیدوقت نہیں دیں گے ،پی ڈی ایم نواز شریف اور مریم نواز عوام کے ووٹوں کی عزت ،جمہوریت ،جعلی حکومت سے آزادی کی جنگ لڑرہے ہیں وہ دن دورنہیں جب مہروں کے ذریعے حکومت بنانے والوں کو شکست اور عوام کو ایک بار پھر ترقی کے راستے پر لیکر جائیں گے اور جعلی حکومت کو انجام تک پہنچائیں گے۔

یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں پاکستان مسلم لیگ کے صوبائی صدرو سابق صوبائی وزیر شیخ جعفر خان مندوخیل کی مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی تقریب میں سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری،مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما پرویز رشید،مصدق ملک ،محمدزبیر،مریم اورنگزیب ،جاوید لطیف ،کیپٹن(ر)صفدر،مرتضیٰ جاوید عباسی ،مسلم لیگ(ن) کے صدر جنرل(ر)عبدالقادر بلوچ،جنرل سیکرٹری جمال شاہ کاکڑ،سابق اسپیکر راحیلہ حمید خان درانی ،نصیر خان اچکزئی،امیر افضل مندوخیل ،نسیم الرحمن ملاخیل اوردیگر بھی موجودتھے۔

(جاری ہے)

مریم نواز شریف نے کہا کہ جعفرخان مندوخیل ایک بار پھراپنے گھر لوٹ آئے ہیں جس پرانہیں خوش آمدید کہتی ہوں ۔انہوں نے کہا کہ خوف کی فضاء پیدا کرکے لوگوں کو مسلم لیگ(ن) میں شامل ہونے سے روکا جارہاہے لیکن 72سال میں پہلی بار عوام نے خوف کی زنجیریں توڑدی ہیں اور خوف پھیلانے والوں کے احتساب کا مطالبہ کیاہے ۔انہوں نے کہاکہ نوا ز شریف نے ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگایا گوجرانوالہ میں انکی تقریر میں عوامی ردعمل نے لوگوں کواس قدرخوفزدہ کردیا کہ انکی تقریر پر بھی پابندیاں لگائی جارہی ہیںنواز شریف کے نعروں اورعوام کی گونج سے لوگ تھر تھرکانپ رہے ہیں لیکن نواز شریف کی آواز بلند کرنے کے باوجود بھی پورے ملک میں گورنج رہی ہے وہ لندن میں ہوتے ہوئے بھی طول وعرض پرچھائے ہوئے ہیں عوام نواز شریف کے چہرے میں انہیں درپیش مسائل کا حل تلاش کررہے ہیں مسلم لیگ(ن) سمیت 11جماعتوں نے پی ڈی ایم کے نام سے جو اتحاد بنایا ہے وہ فرعونیت اور خوف کی زنجیریں توڑنے کیلئے بناہے حقیقی جمہوری جماعتیں عوام کے حقوق ،ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر قانون اورآئین کا راستہ اپنائے ہوئے ہیں جبکہ جنرل پاشایا ظہیر السلام کی پارٹیاں بات تک نہیں کرسکتیں ۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی تقریر اوراس میں کی گئی حقیقی باتوں سے کئی لوگ خوف کا شکارہیں لاکھوں کے مجمے نے نوا ز شریف کے نعرے پرلبیک کہا اور عوامی ردعمل سے کچھ لوگ خو ف کا شکار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ریاست کے اوپر ریاست ہے جس کی واضح مثال آئی جی سندھ کو گھر سے اٹھانا ججز کو ارشد ملک بنانا ،صحافیوں کو خبر دینے پراغواء کرنا،سیاست میں مداخلت کرکے مرضی کی پارٹیوں کی حکومت بنانااورختم کرنا عوام کے وو ٹ اوررائے کو بوٹوں کے نیچے روندھنا ہے کچھ وزراء اور مشیروں نے نواز شریف کی تقریر پر بہت سے الزامات لگائے انہیں یہ نہیں معلوم کہ یہ عوام کی آواز ہے انہوں نے کبھی بھی عوامی مفاد پر ذاتی مفاد کو ترجیح نہیں دی۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں افواج پاکستان کے خلاف بات کرنے کا لیکچر نہ دیں ہم فوج کی عزت کرنا جانتے اورمحب وطن ہیں ہماری افواج میں ایسے جوان ہیں جو سیاچین سمیت ملک بھر میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں وہ اپنے حلف کی پاسداری بھی کرتے ہیں اور رات دن ملک کیلئے خدمات سرانجام دے رہے ہیں جنہیں ہم سلام پیش کرتے ہیں لیکن دو تین افراد پورے ادارے کو متنازعہ بنارہے ہیں انکی سیاست میں مداخلت اور دخل اندازی مرضی سے حکومتیں لانے اورختم کرنے قاضی فائز عیسیٰ اور شوکت صدیقی جیسے قانون کے رکھوالے ججز کے خلاف ریفرنسز بنانے کے عملے میں انہیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ عدالت نے بھی جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کے خلاف ریفرنس کو غیرقانونی اوربدنیتی پرمبنی قراردیدیاہے یہ سازشی افراد کے لئے تاریخی ناکامی اورذلت ہے اس گھناؤنے عمل میں صدرمملکت کا دفتر بھی استعمال ہوا اس تمام عمل کے پیچھے عمران خان ہیں وہ سمجھتے ہیں کہ آئین وقانون اورانصاف پرچلنے والے ججز ان کیلئے خطرہ ہیں لیکن عدلیہ نے اس گھناؤنی سازش کو ناکام بنادیااور یہ بات ثابت کردی کہ ملک میں آئین و قانون کے محافظ اب بھی موجود ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو بے روزگار کیاجارہاہے ان پرسنسر شپ عائد اورانتقام کا نشانہ بنایاجارہاہے ویگو ڈالے میں اٹھاکر صحافیوں کواغواء کرلیاجاتاہے علی عمران جنہوں نے کراچی میں ہوٹل پر دھاوا بولنے کی سی سی ٹی وی ویڈیو نکالی تھی کو بھی لاپتہ کردیاگیا ہے جس کی میں مذمت کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کی تقریر کے تین چاردن بعد ہی آئی جی سندھ کو زبردستی اغواء کرکے ہوٹل میں میرے کمرے پر دھاوابولاگیابلوچستان کے لوگ سمجھتے ہیں کہ بہنوں ،بیٹیوں کے کمروں کے دروازے توڑے جائیں تو ایسے افراد کی ذہنی حالت کیاہوسکتی ہے یہ سب عمل ریاست کے اوپرریاست ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نامی شخص آئی جی سندھ کے واقعہ کے بعد سیاسی اورحکومتی منظر نامے سے غائب ہے اسے معلوم نہیں کہ کراچی میں کس نے کیا کیا سندھ حکومت اور سندھ پولیس نے اس حکومت کی سازش کو بے نقاب کیا اور ظاہرکیا کہ ان حالات میں کام نہیں ہوسکتا آج ملک میں غیرقانونی کام سے انکار کرنے پر افسران کو چارگھنٹے تک حبس بے جامیں رکھاجاتا ہے ہمیں پولیس کی وردی کی عزت کا پاس رکھنا ہے اور عوام کے مینڈیٹ اور فیصلے کاہرحال میں احترام کرنا ہے خواہ وہ ہماری سیاسی مخالفین ہی کی حکومت کیوں نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں اکثریت ہونے کے باوجود ڈاکٹر عبدالمالک کو موقع دیا گیا ہم بلوچستان کے عوام کے مسائل حل کرنے میں دل سے سنجیدہ ہیں اورمحرومیوں کو ختم کرکے لوگوں کو قومی دھارے میں لانا چاہتے تھے جس کا ایک اچھا آغاز بھی ہوا تھا۔ انہوں نے کہاکہ جعلی اوردھاندلی سے بنائی گئی حکومت اگر عقلمندی سے عوام کی خدمت کرتی تو شاید کچھ وقت اورگزار لیتی لیکن طاقت کے نشے میں یہ لوگ سب کچھ بول گئے اور ریاستی اداروں کی طاقت کواپنی طاقت سمجھے لگی جس کے بعدانہوں نے فرعونیت شروع کردی اور غریب عوام پرمہنگائی اور بے روزگاری کے پہاڑ ڈھادیئے گئے جس کے بعد یہ لوگ اللہ کی پکڑ میں آئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ میڈیاسند ھ پولیس کی طرح یک زبان اوریک جان ہوکر علی عمران کیلئے آواز اٹھائے ۔انہوں نے کہا کہ ہم آخری سانس تک لڑیں گے اورخوف کی زنجیریں توڑیں گے جعلی حکومت سے عوام کو آزاد کروائیں گے اور ایسے مہروں کو برسراقتدارلانے والوں کو انجام تک پہنچاکر ووٹ کو عزت دلوائیں گے اور پاکستان کو ایک بارپھر ترقی کے راستے پرلیکرجائیں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) میری اپنی جماعت ہے آج اپنے گھرواپس لوٹ آیا ہوں ملک کے مسائل کاواحد علاج حقیقی جمہوریت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں یا تو مکمل مارشل لاء لگادیں یاپھر حقیقی جمہوریت نافذ کی جائے تاکہ بیچ کے راستے اورتذبذب سے ملک کو نکالاجاسکے ہمیں اداروں کے کردار کو محدودکرنے کی ضرورت ہے کئی دوست بلوچستان عوامی پارٹی میں بھی گئے لیکن میں ایسا نہیں کرنا چاہتاتھااب بھی چوہدری شجاعت حسین سے اجازت لینے کے بعد ہی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کررہا ہوں اورانہوں نے مجھے باعزت طریقے سے رخصت کیا ہے۔تقریب سے مسلم لیگ(ن) کے صدرجنرل(ر) عبدالقادربلوچ اور جنرل سیکرٹری جمال شاہ کاکڑ نے بھی خطاب کیا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات