ایک سال قبل لاپتہ ہونے والا 14 سالہ بچہ پولیس کی کوششوں سے بازیاب ہو گیا

ہفتہ 24 اکتوبر 2020 20:55

پتوکی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2020ء) تھانہ صدر پتوکی کے علاقے حسین خاں والا میں ایک سال قبل لاپتہ ہونے والا 14 سالہ بچہ محمد عثمان جاوید پولیس کی کوششوں سے بازیاب ہو گیا،ڈی ایس پی پتوکی نے بچہ والد کے حوالے کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ایک سال قبل حسین خان والہ چک 8 میں رہائش پذیر محنت کش محمد جاوید کا 14 سالہ بیٹا محمد عثمان جاوید اچانک لا پتہ ہو گیا تھا، تلاش کے باوجود بچے کا کوئی سراغ نہ مل سکا جس پر تھانہ صدر پولیس پتوکی نے بچے کے والد محمد جاوید کی تحریریں درخواست پر نامعلوم افراد کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج کر لیا ۔

(جاری ہے)

ڈی پی او قصور عمران کشور نے بچے کے اغواء کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی پتوکی محمد اکرام خاں اور ایس ایچ او تھانہ صدر پتوکی حافظ عاطف نذیر کو بچہ بازیاب کروانے کا حکم دیا اور ان پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دی پولیس کی اس ٹیم نے جدید تکنیک استعمال کرتے ہوئے اپنی محکمانہ صلاحیتوں اور کاوشوں بروئے کار لاتے ہوئے مغوی بچے محمد عثمان جاوید کو ضلع سیالکوٹ کے علاقے ڈسکہ سے بازیاب کروا لیا ڈی ایس پی پتوکی محمد اکرام خاں نے تھانہ صدر پتوکی کے ایس ایچ او حافظ عاطف نذیر کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بازیاب ہونے والے 14 سالہ بچے محمد عثمان جاوید کو اس کے والد محمد جاوید کے حوالے کیا بچے کے اہل خانہ نے پولیس کا شکریہ ادا کیا ہے۔