بھارت میں 6 سالہ بچی زیادتی کے بعد قتل

بھارتی شہر ہوشیار پور میں ظالم شخص نے دلت ذات کی بچی کو زیادتی کے بعد زندہ جلا ڈالا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 24 اکتوبر 2020 19:38

بھارت میں 6 سالہ بچی زیادتی کے بعد قتل
ہوشیارپور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24 اکتوبر2020ء) بھارت میں 6 سالہ بچی زیادتی کے بعد قتل۔ تفصیلات کے مطابق دنیا میں خواتین کیلئے سب سے زیادہ خطرناک ملک قرار دیے جانے والے بھارت میں ایک اور انتہائی خوفناک واقعہ پیش آیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی شہر ایک 6 سالہ بچی کو ناصرف جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، بلکہ اسے زندہ جلا کر بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔

ہوشیار پور شہر میں ظالم شخص نے دلت ذات کی بچی کو دکان سے چیز دلانے کے بہانے سے ویرانے میں لے کر پہلے زیادتی کا نشانہ بنایا، پھر بچی کو زندہ جلا ڈالا۔ ملزم مقتولہ بچی کے پڑوس میں رہتا ہے۔ اس خوفناک واقعے کے بعد بھارت بھر میں لوگ سراپا احتجاج ہیں۔ پولیس کا دعویٰ ہے بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والے ظالم شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انسانی حقوق کی تنظیمیں اس واقعے کے بعد سراپا احتجاج ہیں، اور کہا جا رہا ہے کہ یقینی طور پر اب بھارت جیسے ملک میں کسی عورت حتیٰ کے بچیوں کی بھی عزت محفوظ نہیں رہی، نہ ہی اس ملک میں کسی کو انصاف مل سکتا ہے۔ یہاں یہ واضح رہے کہ بھارت میں خواتین و بچیوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنائے جانے کے واقعات کی شرح خوفناک حد تک پہنچ چکی ہے، اسی وجہ سے اس ملک کو خواتین کیلئے دنیا کا سب سے خطرناک ملک قرار دیا جاتا ہے۔ بھارت میں ناصرف مقامی خواتین بلکہ بیرون ممالک سے سیاحت کے غرض سے آنے والی خواتیں تک کو بھی زیادتی کا نشانہ بنا دیا جاتا ہے۔ جبکہ دنیا کی معاشی طاقت ہونے کا دعویٰ کرنے والی شدت پسند مودی سرکار آج تک اپنے ملک میں خواتین کے تحفظ کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھا سکی۔