Live Updates

عمران خان نے گلگت بلتستان کو صوبے کا لولی پاپ دیا ہے، بلاول بھٹو

جب تک آپ ملک کے وزیر اعظم کو منتخب نہیں کریں گے تب تک ہم آپ کے مسائل کیسے حل کرسکیں گے،گلگت بلتستان کی بہادری کا پورا پاکستان گواہ ہے، ڈوگرا راج کو آپ بھگا سکتے ہیں تو آپ اپنے حقوق بھی چھین سکتے ہیں،گلگت بلتستان کے عوام ہمارے ساتھ ہوں تو دنیا کی کوئی طاقت ہمیں نہیں روک سکتی، گلگت بلتستان کو آئینی صوبہ بنا کر رہیں گے، کارکنوں سے خطاب

ہفتہ 24 اکتوبر 2020 22:17

عمران خان نے گلگت بلتستان کو صوبے کا لولی پاپ دیا ہے، بلاول بھٹو
اسکردو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2020ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ انتخابات قریب آتے ہی عمران خان نے گلگت بلتستان کو صوبے کا لالی پوپ دیا ہے،جب تک آپ ملک کے وزیر اعظم کو منتخب نہیں کریں گے تب تک ہم آپ کے مسائل کیسے حل کرسکیں گے،گلگت بلتستان کی بہادری کا پورا پاکستان گواہ ہے، ڈوگرا راج کو آپ بھگا سکتے ہیں تو آپ اپنے حقوق بھی چھین سکتے ہیں،گلگت بلتستان کے عوام ہمارے ساتھ ہوں تو دنیا کی کوئی طاقت ہمیں نہیں روک سکتی، گلگت بلتستان کو آئینی صوبہ بنا کر رہیں گے۔

ہفتہ کو کارکنوں سے خطاب میں انہوںنے کہاکہ ہمیں انقلابی منصوبے چاہیے جو روزگار دیں اور لوگوں کی مدد کریں اور یہ کام صرف پیپلز پارٹی کر سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہر صوبے میں تعلیم پر زور دیا ہے اور کئی تعلیمی ادارے کھڑے کیے ہیں، پاکستان تحریک انصاف نے خیبر پختونخوا میں 7 سال اور پنجاب میں 2 سال لگادئیے ہیں تاہم ایک بھی نئی یونیورسٹی یا ہسپتال قائم نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی سپریم کورٹ میں نظرثانی درخواست زیر التوا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کو ان کا حق نہ دیا جائے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہاکہ ان کے 2018 کے منشور میں آپ کی کوئی بات نہیں کی گئی تھی تاہم جب انتخابات قریب آئے تو انہوں نے آپ کو لولی پاپ دینے کا فیصلہ کیا ہے کہ وہ آپ کو صوبہ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا تھا اور آج لاکھوں نوجوان بے روزگار ہیں، انہوں نے گھروں کا وعدہ کیا تھا اور آج تجاوزات کے نام پر لوگوں کو بے گھر کردیا ہے۔

انہوںنے کہاکہ گلگت بلتستان کو عمران خان سے بچانا ہے ورنہ آپ کا مستقبل بھی وہی ہوگا جو آج اسلام آباد میں احتجاج کرنے والوں کا ہے۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کیلئے یہ انتخابی مہم نہیں، یہ آپ کے حقوق کی جدوجہد ہے، جو حقوق پیپلز پارٹی نے باقی پاکستان کو دلوانے ہیں وہی گلگت بلتستان کو بھی دلوانے ہیں جس سے ان کے مسائل حل ہوسکیں۔

انہوںنے کہاکہ ہم وہ منشور لے کر آئے ہیں جو آپ کی آواز اسلام آباد تک پہنچائیگا۔انہوں نے کہا کہ جب تک آپ کے نمائندے آپ کی بات اسلام آباد میں نہیں کریں گے تو آپ پوچھتے رہیں گے کہ یہاں تعلیم صحت کے ادارے کیوں نہیں ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جب تک آپ پاکستان کی حکومت میں اپنا حصہ نہیں ڈالیں گے، جب تک آپ اس ملک کے وزیر اعظم کو منتخب نہیں کریں گے تب تک ہم آپ کے مسائل کیسے حل کرسکیں گے۔

انہوںنے کہاکہ الیکشن کا موسم ہے، پی ٹی آئی ہر انتخابات میں ایک نیا جھوٹ دیتی ہے اور اس انتخابات میں بھی انہوں نے ایک لولی پاپ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے یہی وعدہ جنوبی پنجاب کے عوام کے ساتھ کیا تھا اور کہا تھا کہ 100 روز کے اندر آپ کو صوبہ دلوائیں گے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہاکہ یہ ہر الیکشن میں ایک نیا جھوٹ کہتے ہیں اور پھر یو ٹرن لیتے ہیں، گلگت بلتستان کی عوام کو جھوٹ نہیں ان کا حق چاہیے۔

انہوںنے کہاکہ گلگت بلتستان کے نوجوان اب مزید انتظار نہیں کریں گے وہ اپنے حقوق چھین کر رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی بہادری کا پورا پاکستان گواہ ہے، ڈوگرا راج کو آپ بھگا سکتے ہیں تو آپ اپنے حقوق بھی چھین سکتے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان ہو یا کراچی ہو پورے ملک کا ایک ہی نعرہ ہے گو عمران گو۔انہوںنے کہاکہ گلگت بلتستان، پاکستان کے سر کا تاج ہے، یہاں کے نوجوانوں کو عمران خان کی تباہی سے بچانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کوئی اور نہیں پاکستان پیپلز پارٹی ہی یہاں کے نوجوانوں کے مستقبل کو تحفظ فراہم کرسکتی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ ہے کہ ہم نے روزگار کے مواقع پیدا کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام ہمارے ساتھ ہوں تو دنیا کی کوئی طاقت ہمیں نہیں روک سکتی۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کو خیبرپختون خوا میں حکومت کرتے ہوئے 7 سال ہو گئے تاہم وہاں ایک نیا ہسپتال نہیں بنا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جنوبی پنجاب سے پوچھیں کہ 2018 میں صوبہ بنانے کا وعدہ کیا تھا، اب تک پورا نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ مزدور، کسان سب سراپا احتجاج ہیں،ہمیں گلگت بلتستان کو عمران خان سے بچانا ہے، ہمیں آپ کے بچوں کا مستقبل بچانا ہے۔انہوںنے کہاکہ ہم گلگت بلتستان کو آئینی صوبہ بنا کر رہیں گے اور یہاں کے عوام کو ان کے حقوق دلوائیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات