افغانستان ، دو بم دھماکوں میں 22افراد ہلاک ، متعدد زخمی

ہفتہ 24 اکتوبر 2020 22:54

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2020ء) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں دو بم دھماکوں میں 22 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔اطلاعات کے مطابق پہلا بم حملہ کابل کے مشرقی علاقے میں سڑک کنارے نصب بم کے ذریعے کیا گیا جس کی زد میں ایک بس آئی۔افغان صوبے غزنی کے ترجمان وحیداللہ جمعہ زادہ نے بم دھماکے میں ہلاکتوں کے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکا اس وقت ہوا جب بس کابل سے غزنی سے جا رہی تھی۔

(جاری ہے)

ترجمان غزنی نے بتایا کہ بم دھماکے میں تین خواتین سمیت 9 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔غزنی کے پولیس ترجمان نے حملے کا ذمہ دار طالبان کو ٹھہراتے ہوئے کہا کہ بم دھماکے میں 4 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے تاہم طالبان کی جانب سے اس حوالے سے تاحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔مذکورہ بم دھماکے کے چند گھنٹوں بعد کابل میں واقع ایک تعلیمی مرکز کے قریب خود کش دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے۔افغان وزارت داخلہ کے ترجمان طارق آرائیں نے بتایا کہ خود کش حملہ آور سینٹر میں داخل ہونا چاہتا تھا تاہم گارڈ نے اسے پہچان لیا جس کے بعد خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑالیا۔