Live Updates

پی ڈی ایم کے جلسے سے ہمارے لئے گھبرانے کی کوئی بات نہیں ہے، حالات سازگار ہوئے تو ہم ایم کیوایم کے ساتھ مل کر اس سے بڑا جلسہ کرینگے، اسدعمر

کیپٹن صفدر کی گرفتاری کے حوالے سے آئی جی سندھ نے انہیں اغوا کئے جانے کی کوئی بات نہیں کی، کراچی پیکیج میں 5 بڑے منصوبوں کی ذمہ داری وفاقی حکومت نے لی ہے، حیدرآباد میں بھی دو وفاقی منصوبوں ہر کام جاری ہے،میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 24 اکتوبر 2020 23:00

پی ڈی ایم کے جلسے سے ہمارے لئے گھبرانے کی کوئی بات نہیں ہے، حالات سازگار ..
حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2020ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ کراچی کے پی ڈی ایم کے جلسے سے ہمارے لئے گھبرانے کی کوئی بات نہیں ہے، حالات سازگار ہوئے تو ہم ایم کیوایم کے ساتھ مل کر اس سے بڑا جلسہ کریں گے، کیپٹن صفدر کی گرفتاری کے حوالے سے آئی جی سندھ نے انہیں اغوا کئے جانے کی کوئی بات نہیں کی، کراچی پیکیج میں 5 بڑے منصوبوں کی ذمہ داری وفاقی حکومت نے لی ہے، حیدرآباد میں بھی دو وفاقی منصوبوں ہر کام جاری ہے۔

وہ حیدرآباد سرکٹ ہائوس میں ایم کیوایم کے ارکان اسمبلی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے، اس موقع پر ایم کیو ایم کے ارکان قومی اسمبلی صلاح الدین، صابر قائم خانی، ارکان صوبائی اسمبلی ندیم صدیقی، راشد خلجی اور پی ٹی آئی کے رہنما بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اسد عمر نے کہا کہ کراچی میں جو پی ڈی ایم نے جلسہ کیا ہے وہ سب جانتے ہیں کہ اس جلسے میں کراچی کے عوام شامل نہیں تھے اس لئے اس جلسے سے گھبرانے کی کیا بات ہے، کورونا نہ ہوتا تو ہم ایم کیو ایم کے ساتھ مل کر اس سے بہت بڑا جلسہ کرتے اور ہمیں باہر سے بسیں بھر کر نہ لانی پڑتیں، جلد ہمارے جلسے سے پتہ چل جائے گا کہ عوام کس کے ساتھ ہیں، انہوں ںے کیپٹن(ر)صفدر کی گرفتاری کے حوالے سے کہا کہ کیپٹن صفدر کی گرفتاری کیوں ہوئی، ہم معلوم کرنا چاہتے ہیں، کیا قائداعظم کی اس ملک میں کوئی حیثیت نہیں، کپٹن صفدر کی جس طرح سے گرفتاری کی گئی ہم بھی کہتے ہیں کہ اس کی ضرورت نہیں تھی وہ سیاسی ٹارزن نہیں ہی، کیا انہیں صبح 5 سے 6 بجے گرفتار کرنے کی ضرورت تھی، اس نے ملک کے محسن اعظم فادر آف دی نیشن کی قبر کی بے حرمتی کی، سیاسی نعرے بازی کی، جب گرفتاری درست ہوئی تو احتجاج کس بات پر ہے، آئی جی سندھ نے انہیں جبری کہیں لے جائے جانے کی کوئی بات نہیں کی، انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ حیدرآباد میں یونیورسٹی قائم ہو یہاں کے لوگوں کو بھی تعلیم کے وہی مواقع ملیں جو پاکستان کے بڑے شہروں میں ہیں، انہوں نے کہا کہ کراچی پیکیج میں پانچ بڑے منصوبے ہیں جس کی وفاق نے ذمہ داری لی ہے ان میں کے فور کئی سال سے چل رہا تھا اب واپڈا نے اس کی ذمہ داری لے لی ہے جلد ہی کام شروع ہوگا اس کے علاوہ دو منصوبے ریلوے کے ہیں ان کے بھی اشتہارات دیدیئے گئے ہیں جلد ہی ٹینڈر ہوجائیں گے، انہوں نے کہا کہ گرین لائن کویڈور بسوں کے آرڈر کر دیئے گئے ہیں امید ہے کہ اپریل یا مئی میں بسیں آ جائیں گی، جون اور جولائی میں یہ منصوبہ شروع ہوجائے گا، نالوں کی صفائی کا بھی مسئلہ ہے نالوں پر لوگ آباد ہیں ان کو منتقل کرنا ہے اس کی ذمہ داری سندھ حکومت کی ہے جیسے ہی وہ علاقے ہمیں ملیں گے وفاقی حکومت کا ادارہ این ڈی ایم اے اہنی ذمہ داری ادا کرنا شروع کر دے گا، کراچی سے صحافی علی عمران کے لا پتہ ہونے کے بارے میں سوال پر انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے صحافی کا پتہ چلانے میں وفاقی اداروں کو صوبائی حکومت کی مدد کرنے کی ہدایت کی ہے، آزاد صحافت کے بغیر جمہوریت نہیں چل سکتی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات