پولیو ایک موذی مرض ہے جو بنیادی طور پر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو متاثر کرتی ہے۔چیف سیکرٹری بلوچستان

ہفتہ 24 اکتوبر 2020 22:56

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اکتوبر2020ء) : چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن (ر) فضیل اصغر نے کہا ہے کہ پولیو ایک موذی مرض ہے جو بنیادی طور پر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو متاثر کرتی ہے۔یہ اعصابی نظام پر حملہ کرتا ہے اور فالج یا یہاں تک کہ موت کا سبب بن سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسداد پولیو مہم کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اجلاس میں کمشنر کوئٹہ ڈویڑن اسفندیار کاکڑ سمیت ڈبلییو ایچ او، یونیسف کے نمائندوں اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ بچوں کو اس اپاہج بیماری سے بچانے کے لئے ویکسینیشن ایک موثر طریقہ ہے۔ ہر بار جب پانچ سال سے کم عمر کے بچے کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے جاتے ہیں ، تو ان کے وائرس سے تحفظ میں اضافہ ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام مکتبہ فکر کے لوگ پولیو کو ختم کرنے کیلیے اپنا کردار ادا کریں کیونکہ اس بیماری سے بچے مستقل طور پر معذور ہوتے ہیں اور بچوں سے ہمارا مستقبل وابستہ ہے انہوں نے کہا کہ یہ بیماری دنیا کے تین ملکوں میں ابھی تک پائی جاتی ہے جن پاکستان، افغانستان اور نائجیریا شامل ہیں جبکہ باقی دنیا نے اس بیماری پر قابو پالیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ والدین کی بھی زمہ داری ہوتی ہے کہ بچوں کو گندی جگہوں میں کھیلنے نہ دیں۔ انہوں نے تمام ڈویڑنل کمشنرز کو ہدایت کی کہ انسداد پولیو مہم کے دوران روزانہ کی بنیاد پر اجلاس منعقد کیا کریں اور مہم کی موثر طور پر نگرانی کریں اور اس سلسلے میں کوئی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری نے سول سیکرٹریٹ میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا۔