Live Updates

کیپٹن (ر) صفدر اعوان کی گرفتاری سندھ کا معاملہ تھا پیپلزپارٹی اس کو وفاق کا مسئلہ بنانے کی کوشش کر رہی ہے، ہر معاملے پر وفاق یا اداروں کو موردالزام ٹھہرانا درست نہیں،وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز

اتوار 25 اکتوبر 2020 01:55

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2020ء) : وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ کیپٹن (ر) صفدر اعوان کی گرفتاری سندھ کا معاملہ تھا پیپلزپارٹی اس کو وفاق کا مسئلہ بنانے کی کوشش کر رہی ہے، واقعہ کراچی میں ہوا تو گرفتاری کا ذمہ دار وفاق کیسے ہو گیا، ایسی صورتحال میں پہلی ذمہ داری صوبائی حکومت پر عائد ہوتی ہے، کراچی سے اگر کوئی لاپتہ ہوتا ہے تو صوبائی حکومت جوابدہ ہے، ہر معاملے پر وفاق یا اداروں کو موردالزام ٹھہرانا درست نہیں۔

ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود اور ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، حکومت عام آدمی کو ریلیف مہیا کرنے کیلئے مہنگائی کم کرنے سمیت تمام تر عوامی مسائل حل کرنے کیلئے کام کر رہی ہے اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کیلئے طریقہ کار وضع کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں اپنے بدعنوان قائدین کی لوٹی ہوئی غیرقانونی دولت، انہیں احتساب سے بچانے اور ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کیلئے منفی سیاست کر رہی ہیں لیکن یہ لوگ اپنے مذموم سیاسی مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے اپنی دور حکومتوں کے دوران بدعنوانیوں میں ملوث ہو کر اور میرٹ کی پامالیاں کر کے قومی اداروں کو تباہ کیا تاہم موجودہ حکومت اداروں کو اپنے پاوں پر کھڑا کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔

شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے گوجرانوالہ اور کراچی کے جلسے کامیاب نہیں ہوئے اسلئے یہ ایسے واقعات کرتے ہیں جس سے عوام کی توجہ دوسری جانب مبذول ہو جائے، کیپٹن (ر) صفدر اعوان کی گرفتاری بھی اسی کی کڑی ہے۔ صحافی علی عمران کے لاپتہ ہونے کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت صحافیوں کے مسائل حل کرنے اور انہیں ہر طرح کا تحفظ فراہم کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے، اگر کراچی سے کوئی لاپتہ ہوتا ہے تو صوبائی حکومت جواب دہ ہے، حکومت ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے کوششیں کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں طاقتور اور کمزور لوگوں کیلئے الگ الگ قانون تھا، سابق حکمران خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے تھے، معاشرے میں جب ناانصافی ہو تو اس سے مسائل جنم لیتے ہیں، موجودہ حکومت ملک میں قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کیلئے پر عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹ بولنا ن لیگ کے قائدین کا شیوا ہے، نواز شریف قوم کو دھوکہ دے کر علاج کے بہانے بیرون ملک گئے تھے، وہ سزا یافتہ مجرم، مفرور اور اشتہاری ہیں، حکومت انہیں وطن واپس لانے کیلئے تمام تر قانونی تقاضے پورے کرے گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے قائدین اپنے ادوار میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی میں ملوث رہے ہیں، عوام نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کو بدعنوان عناصر کے خلاف احتساب کا مینڈیٹ دیا ہے اور حکومت احتساب کے عمل پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی۔\867\932
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات