پولیس اہلکار شہری کی گاڑی کے بونٹ پر چڑھ گیا،پستول تان لی

گاڑی نہ روکنے پر پولیس اہلکار نے پیچھا کیااور فلمی انداز میں چڑھائی کر ڈالی

Sajjad Qadir سجاد قادر اتوار 25 اکتوبر 2020 05:55

پولیس اہلکار شہری کی گاڑی کے بونٹ پر چڑھ گیا،پستول تان لی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 اکتوبر2020ء) اگر ہم معاشرے کی بات کریں تو مجموعی طور پر ہم میں نہ تو برداشت کا مادہ ہے اور نہ ہی صبر کا پیمانہ اعتدال میں رہتا ہے۔زرازرا سی بات پر مرنے مارنے کو تل جاتے ہیں۔اگر صبر کی بات کی جائے تو اس کا اندازہ آپ ایک چھوٹی سی بات سے لگا سکتے ہیں کہ کسی بھی چوک پر ٹریفک سگنل کا مشاہدہ کر کے دیکھیں۔

مجال ہے جو کوئی ایک منٹ کے لیے ٹریفک سگنل پر رکنے کی زحمت کرے۔ہر بندہ ایک دوسرے کے اوپر گاڑی چڑھاتا ہوا وہاں سے نکلنے کی جستجو میں لگا ہوتاہے اور اگر یہیں پر ساتھ میں پولیس کا معاملہ بھی دیکھ لیا جائے تو ان کی اصل ڈیوٹی ٹریفک کی روانی اور بہاﺅ کو ڈسپلن کرنا ہے نہ کہ چالان کرنا۔جبکہ ان کی طرف سے ٹریف جائے بھاڑ میں رش لگتا ہے لگے،ٹریفک جام ہوتا ہے بھلے ہو جائے مگر وہ ایک طرف کھڑے ایسے ”مرغے“تاڑنے کے چکر میں ہوتے ہیں کہ جن کا چالان کر کے اپنا کوٹہ پورا کر سکیں۔

(جاری ہے)

یوں عوام اور پولیس دونوں کا رویہ درست نہیں ہے۔تاہم گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایسی ویڈیو وائرل ہوئی ہے کہ جسے دیکھ کر بزرگ شہری کے رویے پر تو افسوس ہوا ہی ہوا مگر پولیس اہلکار کا رویہ اورطریقہ کسی طور پروفیشنل نہیں تھا۔شہری کو گاڑی نہ روکنے اور تعاون نہ کرنے پر تو جو جرمانہ ہو سو ہو بلکہ ہونا بھی چاہیے کہ اس نے پولیس اہلکار سے تعاون کیوں نہیں کیا۔

مگر جس طرح بد تمیزی اور بے وقوفانہ انداز میں پولیس اہلکار نے اسے قانون فالو کرنے کا طریقہ اپنایا وہ بھی کسی صورت معافی کے قابل نہیں ہے اعلیٰ حکام کو اس جانب بھی توجہ کرنی چاہیے۔سندھ کے شہر حیدرآباد میں پولیس کی فلمی انداز میں گاڑی کو روکنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ رپورٹ کے مطابق سندھ کے شہر حیدرآباد میں پولیس اہلکار نے اپنی اور شہری کی زندگی خطرے میں ڈال دی، ایس ایس پی حیدرآباد نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس کی جانب سے گاڑی میں سوار بزرگ شہری کو روکنے کی کوشش کی جارہی ہے نہ رکنے پر اہلکار گاڑی کے بونٹ پر چڑھ کر ونڈ اسکرین پر پستول دکھا رہا ہے۔بعدازاں پولیس نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ شہری کو گاڑی روکنے کا کہا تھا انہوں نے گاڑی بھگائی تو پیچھا کرکے انہیں روکا گیا۔بزرگ شہری نے واقعے پر اظہار ندامت کرتے ہوئے کہا کہ ’پولیس اہلکار کی یوں اچانک رویے پر پریشان ہوگیا تھا اسی لیے گاڑی بھگائی۔ مذکورہ واقعہ تھانہ سٹی کی حدود میں پیش آیا، ایس ایس پی حیدرآباد نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے 4 دن میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔