27 اکتوبر 1947 ء کو بھارت کی طرف سے کشمیر پر حملہ کھلی جارحیت تھی: ڈی ایف پی

اتوار 25 اکتوبر 2020 13:50

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2020ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نی27 اکتوبر کو کشمیر کی تاریخ کا ایک سیاہ باب قرار دیتے ہوئے کنٹرول لائن کے دونوں جانب اوردنیا بھر میں مقیم کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ علاقے پر بھارت کے فوجی قبضے کے خلاف بطور احتجاج اس د ن کویوم سیاہ کے طورپر منائیں۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں غیر قانونی قبضے کے تباہ کن اثرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 ء کو بھارت کی طرف سے کشمیر پر حملہ کھلی جارحیت تھی جس کا کوئی قانونی اور اخلاقی جواز نہیں تھا۔ انہوں نے اسے لاکھوں کشمیریوں کے سیاسی اور جمہوری حقوق پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس دن نام نہاد جمہوری ریاست نے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق غصب کرکے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بھارتی قبضے کے خلاف کشمیریوں کی تاریخی مزاحمت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی مظالم کے باوجود بہادرکشمیریوں نے بھارتی قبضے کو کبھی تسلیم نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ ظلم و ستم کے خلاف لڑنے کی کشمیریوں کی قابل رشک روایت ہے۔ترجمان نے کہا کہ کشمیریوں نے نہ ماضی میں بھارتی تسلط تسلیم کیا اور نہ ہی مستقبل میں تسلیم کریں گے۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال 5 اگست کو مودی حکومت کے غیر قانونی اقدامات کوکشمیریوں نے یکسر مسترد کیا ہے اور اپنے ووٹ بینک کو برقرار رکھنے کے لئے بی جے پی کے دعوئوں پر کشمیرمیں کوئی کان نہیں دھرتاہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی پارلیمنٹ کی طرف سے ترمیم یا منظورشدہ کوئی بھی قانون یا قرارداداقوام متحدہ کی قراردادوں کا متبادل نہیں ہوسکتا جن میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ کوئی بھی ملک جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو یکطرفہ طور پر تبدیل نہیں کرسکتا ۔ترجمان نے تارکین وطن کشمیریوں پر زوردیا کہ وہ علاقے پر بھارتی فوجی قبضے اور اس کے توسیع پسندانہ عزائم کو بے نقاب کر یں جو علاقائی امن کے لئے سنگین خطرہ ہے۔