بھارت سمجھ لے کہ طاقت کے استعمال سے کسی قوم کے جذبہ آزادی کو زیر نہیں کیا جاسکتا: خان سوپوری

اتوار 25 اکتوبر 2020 13:50

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2020ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں سینئر حریت رہنما غلام محمد خان سوپوری نے کہا ہے کہ بھارت اپنے غصب شدہ حقوق کی بازیابی کے لئے جدوجہد کرنے والے کشمیریوںکو دہشت گرد قرار دے کر ریاست جموںوکشمیر کے چپے چپے کو لالہ زار بنارہا ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق غلام محمد خان سوپوری نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ تحریک آزادی بے مثال قربانیوں کی وجہ سے انتہائی مقدس تحریک بن چکی ہے اورہم میں سے کوئی بھی دانستہ یا نادانستہ طورپر ایسی معمولی لغزش کا بھی متحمل نہیں ہوسکتا جس سے اس کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے ارباب اقتدار کو یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ طاقت کے استعمال سے آج تک کسی قوم کے جذبہ آزادی کو زیر نہیں کیا جاسکا ہے اور نہ ہی قتل وغارت کا لامتناہی سلسلہ غاصب طاقتوں کو دوام بخشنے میں کبھی کامیاب ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے رواں ماہ کے دوران مختلف اضلاع میں شہید ہونے والے نوجوانوںکو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کوئی دن ایسا نہیں گزرتا جب ہمارے نوجوانوں کوبے دردی کے ساتھ شہید نہ کیاجاتا ہو۔

حریت رہنما نے سرینگر اور اسلام آبادکے مختلف علاقوں میںپارٹی اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے وادی میں نوجوانوں کی مسلسل گرفتاریوںکی شدید مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور اس کے مقامی آلہ کار کشمیری عوام کی جائز جدوجہد اور جذبہ حریت کو دبانے کیلئے غیر جمہوری اور غیر اخلاقی ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں جو انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔