روڈ سیفٹی کونسل کی افتتاحی تقریب اسلام آباد میں منگل کو منعقد ہوگی

اتوار 25 اکتوبر 2020 15:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2020ء) پاکستان میں ٹریفک حادثات کے تدارک کیلئے آگاہی فراہم کرنے کیلئے روڈسیفٹی کونسل آف پاکستان کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اس حوالے سے افتتاحی تقریب کا انعقاد اسلام آباد میں بروز منگل بتاریخ 27اکتوبر کیا جائیگا تفصیلات کے مطابق تقریب کے مہمانِ خصوصی ایڈیشنل آئی جی نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس عباس ملک ہونگے، چیئرمین روڈ سیفٹی کونسل انجینئر عرفان بلوچ کا کہنا ہے کہ اس موقع پر اسلام آباد پولیس اور موٹروے پولیس کی جانب سے مختلف آگاہی سیشن بھی منعقد کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

پاکستان میں ٹریفک حادثات کو غیرفطری اموات کی بہت بڑی وجہ گردانا جاتا ہے، ایک محتاط اندازے کے مطابق پاکستان میں ہر پانچ منٹ بعد ایک ٹریفک حادثہ رونمائ ہوتا ہے جس میں یا تو مسافر جان کی بازی ہار جاتا ہے یا شدید زخمی ہوکر ہسپتال پہنچ جاتا ہے۔ روڈ سیفٹی ماہرین کے مطابق ٹریفک حادثات کی وجوہات میں تیزرفتاری اور موٹرسائیکل سواروں کی لاپرواہی سرفہرست ہے۔