حوثیوں کی8500مریضوں کو علاج کی سہولت فراہم کرنے والے کینسر اسپتال پر بمباری

حوثی ملیشیا نے چلڈرن اسپتال کو بھی گولہ باری کا نشانہ بنایا،یمنی حکومت،عالمی انسانی حقوق تنظیموں کی مذمت

اتوار 25 اکتوبر 2020 15:30

ٓصنعاء (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2020ء) یمن میں آئینی حکومت نے بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا ہے کہ وہ حوثی ملیشیا کی جانب سے تعز میں سرطان کے مریضوں کے علاج کے لیے مختص الامل ہسپتال کو نشانہ بنائے جانے کی مجرمانہ کارروائی کی مذمت کریں۔میڈیارپورٹس کے مطابق یمنی وزیر اطلاعات معمر الاریانی نے اپنی سلسلہ وار ٹویٹس میں ایران نواز حوثی ملیشیا کی جانب سے سرطان ہسپتال پر گولہ باری کی شدید مذمت کی۔

ہسپتال 8500 مریضوں کو علاج فراہم کر رہا ہے۔ یہاں روزانہ کینسر کے 200 نئے کیسز آتے ہیں۔ حوثیوں نے توپ کے درجنوں گولے ہسپتال پر داغے۔ اس دوران وہاں درجنوں مریض اور ان کے متعلقین موجود تھے۔ اس وحشیانہ کارروائی کے نتیجے میں متعدد کارکنان زخمی ہو گئے اور طبی مرکز کو نقصان پہنچا جب کہ وہاں موجود افراد کی زندگیاں خطرے میں پڑ گئیں۔

(جاری ہے)

یمنی وزیر نے عالمی ادارہ صحت اور متعلقہ تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ اس خوف ناک جرم کی بھرپور مذمت کریں جو حوثی ملیشیا کی جانب سے تعز صوبے اور یمن کے دیگر شہروں میں شہریوں کو دانستہ طور پر نشانہ بنانے کی جاری کارروائیوں کا حصہ ہے۔

یہ جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم ہیں۔یمن میں انسانی حقوق کے مرکز نے بھی الامل ہسپتال پر حوثیوں کی جانب سے گولہ باری کی مذمت کی ۔ مرکز نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ انسانیت کے خلاف اس جرم کی روشنی میں عالمی برادری کا یہ فرض بنتا ہے کہ وہ حوثیوں کی جانب سے تعز میں شہری اور اہم مقامات کو نشانہ بنائے جانے کی مجرمانہ کارروائیوں کے خلاف حرکت میں آئے۔

باغی حوثی ملیشیا نے تعز میں سرطان کے علاج کے لیے مختص الامل ہسپتال اور سویڈش چلڈرن ہسپتال کو گولہ باری کا نشانہ بنایا۔ مقامی صوبائی حکام کے مطابق کارروائی کے سبب ہسپتال کے متعدد کارکنان زخمی ہو گئے۔ اس کے علاوہ الامل ہسپتال کے بعض حصوں کو نقصان پہنچا اور مریضوں میں بڑے پیمانے پر خوف و ہراس پھیل گیا۔دوسری جانب طبیبوں کی بین الاقوامی تنظیم ڈاکٹرز وِد آٹ بارڈرزنے تعز شہر میں حوثیوں کی جانب سے دو ہسپتالوں پر گولہ باری کی سخت مذمت کی،علاوہ ازیں یمنی نیٹ ورک فار رائٹس اینڈ فریڈم تنظیم نے بھی حوثی ملیشیا کی جانب سے تعز صوبے میں رہائشی دیہات اور علاقوں پر جاری بم باری کی مذمت کی ۔