وزارت ریلوے نے 8 ٹرینوں کو نجکاری کرنے کا فیصلہ کرلیا

ٹرینوں کی نجکاری کیلئے نجی شعبے سے تجاویز مانگ لی ہیں، ٹرینوں کی نجکاری کا مقصد مسافروں کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔ ذرائع

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 25 اکتوبر 2020 15:38

وزارت ریلوے نے 8 ٹرینوں کو نجکاری کرنے کا فیصلہ کرلیا
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 اکتوبر2020ء) وزارت ریلوے نے 8 ٹرینوں کو نجکاری کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، ٹرینوں کی نجکاری کیلئے نجی شعبے سے تجاویز مانگ لی ہیں، ٹرینوں کی نجکاری کا مقصد مسافروں کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان ریلویز نے مسافروں کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے 8ٹرینوں کی نجکاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

  شالیمار ایکسپریس، بدر ایکسپریس، سرسید ایکسپریس، ہزارہ ایکسپریس اور نارووال پسنجر منافع بخش ٹرینیں ہیں۔ لیکن منافع بخش ٹرینوں کی بھی نجکاری کی جارہی ہے، ان کو بھی نجی شعبے کے حوالے کردیا جائے گا۔ نجکاری کی جانیوالی 8 ٹرینوں میں کراچی سے حویلیاں چلنے والی ہزارہ ایکسپریس، کراچی سے لاہور چلنے والی شالیمار ایکسپریس، کراچی سے راولپنڈی کے درمیان چلنے والی سرسید ایکسپریس، لاہور سے ماری انڈس چلنے والی میانوالی ایکسپریس، لاہور سے سیالکوٹ چلنے والی نارووال پسنجر، کراچی سے میر پورخاص کئے درمیان چلنے والی ٹرین مہران ایکسپریس، لاہور سے ملتان کے درمیان چلنے والی ٹرین بدر ایکسپریس شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح مزید بتایا گیا ہے کہ کراچی سے ملتان براستہ جیکب آباد کے درمیان چلنے والی ٹرین موہنجوداڑو ایکسپریس کیلئے بھی تین روٹس پر تجاویز مانگی گئی ہیں۔ ان روٹس میں کوٹری براستہ جیکب آباد سے ملتان،  کوٹری براستہ دادو سے سکھر  اور تیسرا روٹ کراچی براستہ جیکب آباد سے ملتان شامل ہیں۔8 ٹرینوں کی نجکاری کیلئے ٹینڈر ریلوے ہیڈکوارٹرز سے جاری ہوں گے۔

جبکہ 13 نومبر تک ٹیکنکل پروپوزل لاہور ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں جمع کرائی جاسکے گی۔ گزشتہ روز وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ریلوے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ فریٹ کی آن لائن سروس شروع ہو چکی ہے جس کا مقصد کسی بھی طرح کی بدعنوانی کو روکنا ہے ، آٹھ ٹرینیں پرائیوٹائز کر رہے ہیں ،چار فریٹ ٹرینیں بھی پرائیویٹ سیکٹر کو دیدی ہیں ،تیس نومبر سے لاہور سے راولپنڈی ریل کار بحال کریں گے۔