2021پاکستان میں تبدیلی کا سال ثابت ہوگا، جنوری میں پی ڈی ایم اسلام آباد کی طرف تاریخی لانگ مارچ کریگی، رانا تنویر حسین

وزیر اعظم کی طر ف سے برطانیہ میں جاکر نواز شریف کو پاکستان واپس لانے کا بیان سیاسی اخلاقی و سفارتی اعتبار سے انتہائی غیر سنجیدہ ہونے کے ساتھ ان کے سیاسی انتقام کی انتہا کا بھی عکاس ہے، پی ڈی ایم کی تحریک اب اپنے منطقی انجام تک پہنچ کر دم لے گی،چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی

اتوار 25 اکتوبر 2020 17:50

شیخوپورہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2020ء) پبلک اکانٹس کمیٹی کے چیئرمین و پاکستان مسلم لیگ (ن)اورپی ڈی ایم کے مرکزی سینئر رہنما رانا تنویر حسین ایم این اے نے کہا ہے کہ 2021پاکستان میں تبدیلی کا سال ثابت ہوگا، جنوری میں پی ڈی ایم اسلام آباد کی طرف تاریخی لانگ مارچ کرے گی، وزیر اعظم کی طر ف سے برطانیہ میں جاکر سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کو پاکستان واپس لانے کا بیان سیاسی اخلاقی و سفارتی اعتبار سے انتہائی غیر سنجیدہ ہونے کے ساتھ ان کے سیاسی انتقام کی انتہا کا بھی عکاس ہے، وزیر اعظم ملک کو ایک تھانیدار کی طرز پر چلانے کی کوشش کررہے ہیں، ان حالات میں اپوزیشن جماعتیں کسی بھی طور پر خاموش نہیں رہیں گی، پی ڈی ایم کی تحریک اب اپنے منطقی انجام تک پہنچ کر دم لے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے رانا فارم ہاس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سابق ایم این اے راناافضال حسین، رانا ماجد نواز، فیاض احمد بٹر اور دیگر موجود تھے، رانا تنویر حسین ایم این اے نے کہا کہ گوجرانوالہ، کراچی اور کوئٹہ کے کامیاب جلسوں نے اپوزیشن کی مقبولیت اور حکومت پر عوام کے بھرپور عدم اعتماد کو واضح کردیا ہے، حکومت عوامی اعتماد اور اقتدار میں رہنے کا جواز مکمل طور پر کھو چکی ہے، وزرا اور مشیروں کے بیانات کے بعد سلیکٹیڈ وزیر اعظم کے اپنے حالیہ بیانات ان کی بوکھلاہٹ اور اخلاقی گراوٹ کا منہ بولتا ثبوت ہیں، انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی عدم موجودگی میں مریم نواز ایک پاپولر لیڈر بن کر سامنے آئی ہیں اور وہ تمام فیصلے پارٹی کی سینئر قیادت کی مشاورت سے کررہی ہیں نواز لیگ محمد نواز شریف کے بیانیہ پر متحد و متفق ہے اس پر دوسری کوئی رائے نہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت تمام تر دعوں اور وعدوں کے باوجود ابھی تک مہنگائی پر قابو نہیں پاسکی جس سے عوام کی زندگیاں اجیرن ہوچکی ہیں اپوزیشن عوام کے ان بنیادی مسائل کے حل کیلئے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اپنا اصولی احتجاج جاری رکھے گی، انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات منصفانہ و شفاف ہوئے تو نواز لیگ وہاں سے کلین سویپ کرے گی کیونکہ وہاں پر سابق وزیر اعلی حافظ حفیظ الرحمن نے بہت کام کیا ہے، ایک سوال کے جواب میں رانا تنویر حسین نے کہا کہ عمران خان اے پی سی کے فیصلوں کے بعد سے اب تک خوف گھبراہٹ اور بوکھلاہٹ کا شکار ہیں انکے حالیہ بیانات اس بات کی غمازی ہیں کہ وہ اپوزیشن کے کامیاب جلسوں کے بعد اب ملک میں مزید سیاسی انتقامی کاروائیاں تیز کریں گے مگر تحریک اپنے منطقی انجام تک پہنچ کر دم لے گی۔