۱وزیر اعظم صبر کی تلقین کرنے کی بجائے کارکردگی دکھائیں، قوم کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے : جاوید قصوری

گستاخانہ خاکوں کی مسلسل اشاعت پرفرانسیسی سفیر کو ملک بدر اور سفارتی تعلقات ختم کیے جائیں: جماعت اسلامی پنجاب وسطی

اتوار 25 اکتوبر 2020 18:35

․لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اکتوبر2020ء) امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے پہلے کون سے وعدے پورے کیے ہیں اور ملک میں دودھ کی نہریں بہائیں ہیں جو قوم مزید ان پر اعتماد کرے۔ ملک کی تاریخ کی ناکام ترین حکومت اس وقت مسلط ہے۔ اڑھائی سالوں میں ہی عوام کے صبر کا پیمانہ لبریر ہوچکا ہے ۔

جھولیاں بھر بھر کر ووٹ دینے والے جھولیاں اٹھا اٹھا کر بد دعائیں دے رہے ہیں۔ مہنگائی، بے روزگاری اور لاقانونیت نے عوام کا بھرکس نکال دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہا ہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے فیصلے کے بعد آئین و قانون کی بالادستی کے تاثر کو تقویت ملی ہے۔

(جاری ہے)

ثابت ہوگیا ہے کہ ایوان صدر سازشوں کا گڑھ بن چکا ہے۔

ماورائے آئین اقدامات کی حمایت سے ملک پٹری سے اتر سکتا ہے۔ ریفرنس آئین کے خلاف بغاوت جو کہ آرٹیکل 6کے زمرے میں آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی کا مزہ عوام نے چکھ لیا ہے۔ ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے فراد اضطراب کا شکا ر ہیں۔ المیہ یہ ہے کہ موجودہ حکمرانوں کو عوام کے مسائل اور اس کے حل سے کوئی غرض نہیں ، محض جھوٹی تسلیاں دے کر قوم کو بہلایا جارہا ہے۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی مسلسل اشاعت انتہائی قابل مذمت ہے۔ حکومت پاکستان، کویت او ر قطر کی طرح فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان کرے اور اس سے سفارتی تعلقات ختم کئے جائیں۔ فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کیا جائے ۔ توہین مذاہب ناقابل معافی جرم ہے۔ آزادی اظہار کی آڑ میں مقدس ہستیوں کا تقدس کو پامال کیا جارہا ہے۔