nپشاور، گرانفروشی پر 9 آٹا ڈیلروں کے کوٹے و لائسنس معطل

سبسڈائز آٹے کی مانگ میں مزید اضافہ ہوا تو کوٹے کو مزید بڑھا دیا جائیگا‘ میاں خلیق الرحمان

اتوار 25 اکتوبر 2020 18:40

ٴپشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اکتوبر2020ء) محکمہ خوراک نے مہنگے داموں آٹے کی فروخت پر 9 آٹا ڈیلروں کے کوٹے اور لائسنس کو معطل کردیا۔ وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان اور محکمہ خوراک کے اعلیٰ حکام کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ نے شہر کے مختلف علاقوں میں قائم سستا بازاروں کے دورے کئے اور سبسڈائز آٹے کی ترسیل کا جائزہ لیا جہاں پر دھڑلے سے سبسڈائز آٹے کی خرید و فروخت جاری رہا۔

بعد ازاں شہر کے مختلف علاقوں میں قائم آٹا ڈیلروں کو چیک کیا اور نرخوں بارے آگاہی حاصل کی سرکاری نرخنامے سے تجاوز کرنے پر گلبیلہ‘ چارسدہ روڈ.خان مست کالونی، زرگر آباد اور بڈھ بیر میں 9 آٹا ڈیلروں کے کوٹے اور لائسنس معطل کردیئے گئے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان نے اپنے دفتر سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا ہے کہ سستا بازاروں میں شہریوں کی جانب سے فوڈ پوائنٹس سے سبسڈائز آٹے کی خرید و فروخت دھڑلے سے جاری ہے اگر سبسڈائز آٹے کی مانگ میں مزید اضافہ ہوا تو کوٹے کو مزید بڑھا دیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور جہاں کہیں بھی عوام کو مشکلات درپیش آئیں گی اس کے فوری حل کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :