عمران خان خود اپنی حکومت سے مایوس ہوچکے ہیں،نااہل حکومتی ٹیم سے کوئی تبدیلی نہیں لاسکتے،لیاقت بلوچ

عمران حکومت کٹھ پتلی حکومت ہے،عمران خان وزیر اعظم ہاوس میں ایک بے بس قیدی بن چکے ہیں، انکو لانے والے ملک کا بیڑا غرق کرنے کے ذمہ دار ہیں،نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان

اتوار 25 اکتوبر 2020 19:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2020ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور مجلس قائمہ سیاسی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عمران خان خود اپنی حکومت سے مایوس ہوچکے ہیں۔نااہل حکومتی ٹیم سے کوئی تبدیلی نہیں لاسکتے ۔ عمران خان حکومت کٹھ پتلی حکومت ہے۔عمران خان وزیر اعظم ہاوس میں ایک بے بس قیدی بن چکے ہیں۔

ان کو لانے والے ملک کا بیڑا غرق کرنے کے ذمہ دار ہیں۔ عمران خان پریشان ہیں کہ موجودہ حالت میں کیا کریں۔ جسٹس فائز عیسی کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے نے حکومت کا چہرہ بے نقاب کردیا۔ فیٹیف کی مرضی کے مطابق مدارس کے خلاف قانون سازی کی گئی۔ لیکن انہوں نے پھر بھی اس پر اکتفا نہیں کہا اور ڈو مور کا مطالبہ کیا۔ وہ جماعت اسلامی مردان کے اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجتماع سے ڈپٹی سیکرٹری جنرل حافظ ساجد انور، سید بختیار معانی اور امیر ضلع مولانا سلطان محمد نے بھی خطاب کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ نااہل اور ناکام حکمران کی وجہ سے قومی اداروں کے خلاف نفرتیں بڑھ رہی ہیں۔ تمام ریاستی ادارے غیر جانبدارانہ کردار ادا کریں۔ عام آدمی کے مسائل حل کرنے کیلئے حکومت کو پوری سنجیدگی سے فیصلہ کرنے کہ ضرورت ہے۔

حکومت جمہوری روایات کی پاسداری کرکے عوامی مسائل حل کریں۔جماعت اسلامی اپنے مشن کے مطابق انتخابی اور سیاسی عمل میں حصہ لے رہی ہے۔ اپنے منصوبہ عمل کے مطابق رابطہ عوام مہم چلا رہے ہیں۔ انتخابات میں حصہ اپنے نام جھنڈے اور نشان پر لیں گے۔ جماعت اسلامی کے ارکان تنظیم میں ریڑھ کی ہڈی کہ حیثیت رکھتے ہیں۔ خیبر تا کراچی عوامی مسائل کو حل کرنے کیلئے جماعت اسلامی ہر مخاذ پر حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کرتی رہے گی۔