قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں شریک تمام ٹیموں کو وہ خوش آمدید کہتے ہیں، توقع ہے کہ کراچی کے شہریوں کو بہترین کھیل دیکھنے کو ملے گا، ایڈمنسٹریٹرکراچی

گزشتہ پی ایس ایل کا انعقاد بھی کراچی میں ہوا تھا اور آئندہ بھی ہماری کوشش ہوگی کہ پی ایس ایل کے زیادہ سے زیادہ میچزکراچی میں ہوں تاکہ اس شہر کی رونقوں میں اضافہ ہو، افتخار علی شالوانی

اتوار 25 اکتوبر 2020 23:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2020ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی کے کراچی میں منعقد ہونے کا خیرمقدم کیا ہے، انہوں نے اپنے ایک اخباری بیان میں کہا کہ قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں شامل ہونے والی تمام ٹیموں کو وہ خوش آمدید کہتے ہیں اور توقع رکھتے ہیں کہ کراچی کے شہریوں کو بہترین کھیل دیکھنے کو ملے گا، انہوں نے کہا کہ یہ میچز نیشنل اسٹیڈیم کراچی سمیت کراچی کے مختلف حصوں میں واقع اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جس سے مختلف علاقوں کی رونقوں میں اضافہ ہوگا اور کرکٹ کے شائقین کے لئے ایک اچھا موقع ہوگا کہ وہ اپنے پسند کے کھلاڑیوں کو اپنے شہر میں کھیلتا ہوا دیکھ سکیں گے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ گزشتہ پی ایس ایل کا انعقاد بھی کراچی میں ہوا تھا اور آئندہ بھی ہماری کوشش ہوگی کہ پی ایس ایل کے زیادہ سے زیادہ میچزکراچی میں ہوں تاکہ اس شہر کی رونقوں میں اضافہ ہو، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ وہ قائد اعظم ٹرافی منعقد کرنے والی انتظامیہ کے ساتھ ہیں اور انہیں جس قسم کی بھی بلدیاتی سہولتیں درکار ہیں وہ مہیا کی جائیں گی، انہوں نے کہاکہ ایک روزہ کرکٹ فارمیٹ میں جس طرح جدت آرہی ہے اس کی مقبولیت میں اضافہ ہو تا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آئندہ چند ماہ میں بہت سے میچز کھیلنے ہیں اور ایک بار پھر عالمی رینکنگ کی ٹاپ ٹیموں میں شامل ہونے کی بھرپور کوشش کرنی ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی کرکٹ کا شہر ہے اور یہاں اس کھیل کے لاکھوں مداح موجود ہیں انہوں نے کہاکہ کھیلوں کی سرگرمیاں نوجوانوں کو صحت مند رکھتی ہیں اور شہر کی خوشیوں میں اضافہ کرتی ہیں، انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمی کراچی کی کرکٹ ٹیم کو بحال کردیا گیا ہے اور کے ایم سی کی کرکٹ ٹیم جلد ہی فام میں نظر آئے گی اور کرکٹ کے مختلف مقابلوں میں حصہ لے گی۔