ایڈمنسٹریٹرکراچی نے کلفٹن پر واقع باغ ابن قاسم کو شہریوں کے لئے کھولنے کا اعلان کردیا

شہریوں کا اس وسیع العریض پارک میں داخلہ مفت ہوگا، شہریوں سے کسی قسم کی کوئی فیس نہیں لی جائے گی،افتخار علی شالوانی

اتوار 25 اکتوبر 2020 23:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2020ء) بلدیہ عظمی کراچی کے ایڈمنسٹریٹر افتخار علی شالوانی نے کلفٹن پر واقع باغ ابن قاسم کو شہریوں کے لئے کھولنے کا اعلان کردیا ہے اور کہا ہے کہ شہریوں کا اس وسیع العریض پارک میں داخلہ مفت ہوگا، شہریوں سے کسی قسم کی کوئی فیس نہیں لی جائے گی، یہ بات انہوں نے باغ ابن قاسم کے تفصیلی دورے کے موقع پر کہی، ڈائریکٹر جنرل پارکس طحہ سلیم، سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن مسعو د عالم اور محکمہ پارکس کے مختلف افسران بھی اس موقع پر موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ 130 ایکڑ رقبے پر مشتمل یہ پارک پاکستان کا سب سے بڑا پارک ہے اور اس پارک کو درست حالت میں رکھنے کے لئے بڑی تعداد میں فنڈز اور عملے کی ضرورت ہے اس لئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پارک کے ایک ایک حصے کو دنیا کے مختلف ممالک کے نام سے منسوب کرکے انہیں یہ دعوت دی جائے کہ وہ پارک کے اس حصے کی دیکھ بھال کریں اور اپنے کلچر اور ہیریٹیج کے مطابق پارک کے اس حصے کو بنائیں تاکہ کراچی اور پاکستان کے مختلف شہروں سے آنے والے افراد اس ملک کی تہذیب و ثقافت اور تاریخی ورثے سے آگاہ ہوسکیں، انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں انہوں نے مختلف ملکوں کے قونصل جنرل سے گفتگو کی ہے اور وہ اس سلسلے میں کے ایم سی کی مدد کے لئے تیار ہیں، انہوں نے کہا کہ اس طرح نہ صرف اس پارک کی دیکھ بھال ہوگی بلکہ اس کی کشش اور خوبصورتی بھی اضافہ ہوگا، انہوں نے کہا کہ پارک میں کھانے پینے کی اشیا کے لئے بھی مووز ایبل اسٹال بنانے پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو پارک میں ہی کھانے پینے کی اشیا میسر آسکیں، انہوں نے کہا کہ ان اسٹال کو کنسٹریکشن اور سول ورک کی اجازت نہیں ہوگی بلکہ پارک کا مقرر کردہ وقت ختم ہونے کے بعد یہ اپنے اسٹال کو وہاں سے لے جاسکیں گے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ باغ ابن قاسم میں مختلف نوعیت کے ثقافتی پروگرام بھی منعقد کئے جائیں گے تاکہ شہریوں کو ان میں شرکت کا موقع ملے اور اپنا بہترین وقت یہاں گزار سکیں، انہوں نے کہا کہ باغ ابن قاسم میں مختلف نوعیت کی میٹنگ اور سرکاری پروگرام بھی منعقد کئے جائیں تاکہ انتہائی کم اخراجات میں ان پروگراموں کا انعقاد ممکن ہوسکے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ہدایت کی کہ پارک کے پچھلے حصے میں فوری طور ملبہ ہٹا کر لیولنگ کی جائے اور گھاس لگائی جائے، انہوں نے کہا کہ باغ ابن قاسم میں جو بھی پودے لگائے جائیں انہیں ترتیب کے ساتھ لگائے جائیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ہدایت کی کہ پارک کی فلڈ لائٹوں کو درست کیا جائے اور کیبل فالٹ کو دور کرکے لائٹوں کی تعداد بڑھائی جائے، ڈائریکٹر جنرل پارکس طحہ سلیم نے انہیں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پارک میں 36 لائٹ ٹاورز میں سے 10 لائٹ ٹاورز کی بتیاں روشن ہیں جبکہ بقیہ لائٹ ٹاورز تکنیکی خرابی کے باعث بند ہیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ہدایت کی کہ جب تک لائٹیں روشن نہ ہوں پارک کا ٹائم صبح 9 بجے سے شام 6 بجے تک رکھا جائے، ڈائریکٹر جنرل پارکس نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو بتایا کہ مختلف ادارے اور ملٹی نیشنل کمپنیاں باغ ابن قاسم میں واقع فش ایکوریم کو تعمیر کرنے اور اسے چلانے میں دلچسپی رکھتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ایسے اداروں سے رابطہ کرکے تفصیلات طلب کی جائیں۔

متعلقہ عنوان :