Live Updates

مہنگائی اور گورننس کے ایشوز کا یہ مطلب نہیں کہ پی ڈی ایم رہنما قومی اداروں پر وار کریں، حکومت اپوزیشن کے ساتھ بدعنوانی کیسز پر بات نہیں کرے گی ،سینیٹر شبلی فراز

پیر 26 اکتوبر 2020 02:00

مہنگائی اور گورننس کے ایشوز کا یہ مطلب نہیں کہ پی ڈی ایم رہنما قومی ..
اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2020ء) : وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ مہنگائی اور گورننس کے ایشوز کا یہ مطلب نہیں کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) رہنما قومی اداروں پر وار کریں، پی ڈی ایم مفاد پرست ٹولہ ہے جو اپنی ساری زندگی کی چوری اور اثاثوں کو بچانے کیلئے ملک بھر میں جلسے جلوسوں کا ڈرامہ رچا رہا ہے، اپوزیشن کو عوام کے مسائل سے کوئی غرض نہیں، ان لوگوں نے آج تک اپنے جلسوں میں مہنگائی کم کرنے کیلئے کوئی تجویز نہیں دی، اپوزیشن جماعتیں ایسا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں تاکہ جمہوری نظام متاثر ہو اور ان کی کرپشن پر پردہ ڈالا جائے، حکومت اپوزیشن کے ساتھ بدعنوانی کیسز پر بات کرے گی اور نہ ہی انہیں این آر او دے گی، اویس نورانی کا بیان غیرضروری اور غیرذمہ دارانہ ہے، ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اتوار کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی گزشتہ 40 سال سے باریاں لیتی آئی ہیں، ان لوگوں نے اداروں کو بدعنوانی کرنے کیلئے سہولت کاری کے طور پر استعمال کیا اور تمام ادارے تباہ کر دیئے، موجودہ حکومت فرسودہ نظام کو ٹھیک کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے تاکہ آئندہ کوئی بھی بدعنوانی نہ کر سکے۔

شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا کوئی کاروبار نہیں ہے، انہوں نے وزرا کو بھی ایسا ماحول مہیا نہیں کیا کہ وہ بدعنوانی کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے طلبہ کے اسکالرشپس کے حوالے سے مریم نواز کا بیان جھوٹ کا پلندا ہے، بلوچ طلبائ کا کسی قسم کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلسے جلوس کرنا اپوزیشن کا جمہوری حق ہے، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اکیلے ملک میں ریکارڈ جلسے کئے ہیں، اپوزیشن جلسے ضرور کرے لیکن قومی اداروں کے خلاف غیرضروری بیانات سے باز رہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اصل چیز ملک ہے، ملک ہے تو ہم ہیں، جب ملک کی بات آتی ہے تو سیاسی جماعتیں غیراہم ہو جاتی ہیں، عدلیہ اور قانون کا احترام ہم سب پر لازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف بیرون ملک بیٹھ کر بھارت کے بیانیے کو تقویت دے رہے ہیں، ان کے قومی اداروں کے خلاف بیانات چھوٹی بات نہیں ہے، ان کے پیچھے وہی قوتیں ہیں جو ملک مخالف ہیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ کیپٹن (ر)صفدر اعوان نے مزار قائد پر ہلڑ بازی کی، پیپلزپارٹی سندھ حکومت نے اصل واقعہ سے توجہ ہٹانے کیلئے ان کی گرفتاری کا ڈرامہ رچایا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی نہیں ہو رہی، این ایف سی ایوارڈز کے تحت اسے سارے پیسے دے دیئے گئے ہیں اور ہر جگہ پر ان کی نمائندگی ہے، بلوچستان حکومت اپنے وسائل کے مطابق صوبے کی ترقی کیلئے کام کر رہی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں قانون کی بالادستی یقینی بنانے کیلئے پر عزم ہے، یہ نہیں ہو سکتا کہ ملک میں اشرافیہ اور غریب کیلئے الگ الگ قانون ہو۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر نواز شریف کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی لیکن وہ علاج کی بجائے قومی اداروں پر وار کر رہے ہیں، نواز شریف تین دفعہ ملک کے وزیراعظم رہے ہیں، اس وقت وہ مفرور اور اشتہاری ہیں، اس پر بات نہیں ہو رہی کہ وہ وطن واپس آئیں، بات پشاور اور کوئٹہ کے جلسوں کی ہو رہی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات