اپوزیشن نے استعفے دیے تو جماعت اسلامی بھی دے گی ، سراج الحق کا اعلان

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ میں شامل جماعتیں اگر موجودہ حکومت کو گرانا چاہتی ہیں تو اسمبلیوں سے مستعفی ہوجائیں ، اس کے بعد یہ حکومت ایک دن بھی نہیں چلے گی ، امیر جماعت اسلامی کا تقریب سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی پیر 26 اکتوبر 2020 13:23

اپوزیشن نے استعفے دیے تو جماعت اسلامی بھی دے گی ، سراج الحق کا اعلان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 اکتوبر2020ء) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ میں شامل جماعتیں خاص طور پر پیپلز پارٹی یا مسلم لیگ ن اگر موجودہ حکومت کو گرانا چاہتی ہیں تو اسمبلیوں سے مستعفی ہوجائیں ، اس کے بعد یہ حکومت ایک دن بھی نہیں چلے گی ، جس روز اپوزیشن کی طرف سے استعفے دیے گئے تو جماعت اسلامی بھی استعفے دے گی۔

تفصیلات کے مطابق منصورہ میں تربیتی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یکم نومبر سے مہنگائی ، بے روز گاری اور سودی نظام کے خلاف تحریک کا آغاز کررہے ہیں ، کیوں کہ جماعت اسلامی سیاسی بریانی میں شامل ہونے کی بجائے اصل اپوزیشن کا کردار ادا کررہی ہے ، جب کہ دیگر اپوزیشن جماعتوں کی حکومت سے عوامی مسائل ، مہنگائی ، بے روز گاری ، تعلیم یا صحت پر لڑائی نہیں ہے بلکہ یہ سب لوگ اقتدار اور اپنی باریوں کی جنگ لڑ رہے ہیں لیکن پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن عوام کو مزید دھوکہ نہیں دے سکتیں۔

(جاری ہے)

یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ جماعت اسلامی نے اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس میں بھی شرکت نہیں کی تھی ، اس بارے میں امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا تھا کہ ہمیں اے پی سی میں شرکت کی دعوت نہیں ملی اور نہ ہی ہماری جماعت آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کرے گی ، کیوں کہ اے پی سی کا ایجنڈا ابھی تک سامنے نہیں آیا اور ہم کسی کے زاتی مفاد کیلئے استعمال نہیں ہوں گے ، جن لوگوں نے ملک کو لوٹا ان کی تحریک کا حصہ نہیں بن سکتے تاہم اگر اے پی سی ہو رہی ہے تو یہ حزب اختلاف کا حق ہے ، یہ سب صرف سیاسی مفادات کے لیے لڑتے ہیں لیکن اندر سے سب ایک ہی ہیں ، موجودہ حکمران ٹولہ جب اقتدار میں نہیں ہو گا تو یہ بھی لندن میں ہی ہوں گے۔