رانا ثنا اللہ، کیپٹن صفدر سمیت 30 ملزمان کی ضمانتیں کنفرم

پیر 26 اکتوبر 2020 16:49

رانا ثنا اللہ، کیپٹن صفدر سمیت 30 ملزمان کی ضمانتیں کنفرم
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2020ء) انسداد دہشت گردی عدالت نے مریم نواز کی نیب آفس پیشی کے موقع پر ہنگامہ آرائی کے کیس میں رانا ثنا اللہ، کیپٹن صفدر سمیت 30 ملزمان کی ضمانتیں کنفرم کر دیں، عدالت نے قرار دیا کہ سزا اور جزا کا فیصلہ ٹرائل میں ہوگا۔انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے رانا ثنااللہ، کیپٹن صفدر، سیف الملوک کھوکھر سمیت 30 ملزمان کی قبل از گرفتاری درخواست ضمانتوں پر سماعت کی۔

ملزمان کے وکلا نے دلائل دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ سیاسی بنیادوں پر مقدمہ درج کیا گیا۔ عدالت سے استدعا ہے کہ درخواست ضمانتیں منظور کی جائیں۔دوران سماعت ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل عبدالصمد نے اپنے دلائل میں کہا کہ منصوبہ بندی کے تحت حملہ کیا گیا، ریاستی ادارے کو کام کرنے سے روکا گیا، 10 زخمی افراد کے بیانات ریکارڈ کیے جا چکے ہیں، ملزمان سے تفتیش کرنے کے لیے حراست درکار ہے، عدالت درخواست ضمانت مسترد کرنے کا حکم سنا ئے۔

(جاری ہے)

عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر رانا ثنااللہ، کیپٹن صفدر سمیت 30 ملزمان کی درخواست ضمانتوں پر فیصلہ محفوظ کیا تو لیگی کارکنوں نے باہر جانے کی کوشش کی جس پر انسداد دہشت گردی عدالت کا مرکزی دروازہ بند کر دیا۔ عدالت نے مختصر وقفے کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے تمام ملزمان کی ضمانتیں کنفرم کرتے ہوئے پولیس کو ملزمان کی گرفتاری سے روک دیا۔