مذہبی جذبات اور مذہبی ہستیوں کی توہین کرنا آزادی اظہار رائے نہیں، خدیجہ عمرفاروقی

پیر 26 اکتوبر 2020 21:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اکتوبر2020ء) پاکستان مسلم لیگ ق کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمرفاروقی صدر مسلم لیگ شعبہ خواتین پنجاب نے فرانس کی طرف سے عمارتوں اور ٹاورز پر گستاخانہ خاکے آویزاں کرنے اور فرانسیسی صدر کے بیان کو غیر ذمہ دارانہ اور اسلام پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مذہبی جذبات اور مذہبی ہستیوں کی توہین کرنا آزادی اظہار رائے نہیں ۔

اقوام متحدہ کا چارٹر مذہبی احترام اور رواداری کی تائید کرتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ یورپی عدالت برائے انسانی حقوق نے بھی توہین رسالت کو جرم تسلیم کرلیا ہے اور 7ججوں نے متفقہ طور پر فیصلہ دیا ہے کہ نبی کریمؐ کی ان میں گستاخی آزادی اظہار نہیں بلکہ یہ فساد کا باعث ہے ان خیالات کا اظہار انہوںنے مسلم لیگ ہائوس میں مسلم لیگ شعبہ خواتین کی عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔خدیجہ عمر فاروقی نے کہا کہ مذہبی ہستیاں اور شخصیات کا احترام اقوام متحدہ کا چارٹر ہے ان کی توہین کرنا آزادی اظہار رائے نہیں بلکہ بین المذاہب تصادم کی راہ ہموار کرتا ہے مسلمانوں کی جان و مال ہر چیز اپنے نبی ؐ پر قربان ہے مغرب توہین رسالت کرکے تصادم کا راستہ اختیار نہ کرے۔