احساس پروگرام اور ہیلتھ کارڈز میں اخبار فروشوں کو شامل کیا جائیگا، ملک عامر ڈوگر

سیکرٹری جنرل ٹکا خان نے ملتان کے وفد معاون خصوصی شیخ صلا ح الدین ودیگرکے ہمراہ چیف و ہیپ قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر سے ملاقات کی وزیر اعظم عمران خان سے مطالبہ کرتا ہوں کہ ملک بھر کے اخبار فروشوں کو احساس پروگرام اور ہیلتھ کارڈزمیں شامل کیا جائے، ٹکا خان بلا شبہ ٹکا خان مزدوروں کے رہنما اور اخبار فروشوں کے حقوق کے علمبردارہیں، چیف و ہیپ قومی اسمبلی کی اخبار فروشوں کے وفد سے گفتگو

پیر 26 اکتوبر 2020 23:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اکتوبر2020ء) آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے تاحیات سیکرٹری جنرل ٹکا خان نے ملتان کے اخبار فروش رہنمائوں کے ایک وفد کے ہمراہ چیف و ہیپ قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر سے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی۔ وفد میں ملتان اخبار فروشوں کے رہنما معاون خصوصی شیخ صلا ح الدین، ممبر فیڈریشن ملک عرفان اترا ،سینئر رہنما ملک مسعودالحسن مٹھو شامل تھے۔

آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے تاحیات سیکرٹری جنرل ٹکا خان نے ملک عامر ڈوگر کے ساتھ ملاقات میں ملک بھر کے اخبار فروشوں کو احساس پروگرام میں شامل کرنے پر زور دیا۔ ٹکا خان نے قومی اسمبلی کے چیف وہیپ ملک عامر ڈوگر کو بتایا کہ کرونا کی وجہ سے جہاں تمام شعبے متاثر ہوئے ہیں وہاں اخبار فروش بھی شدید مشکلات کا شکار رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اخبار فروشوں کو بہت زیادہ مالی نقصان پہنچا ہے، اس سلسلے میں ہم نے متاثرہ اخبار فروشوں کی ایک لسٹ وزارت اطلاعات کو فراہم کی ہے لیکن ابھی تک اس پر کوئی خاص عمل درآمد نہیں ہوا۔

ٹکا خان کا کہنا تھا کہ میں وزیر اعظم عمران خان سے مطالبہ کرتا ہوں کہ ملک بھر کے اخبار فروشوں کو نہ صرف احساس پروگرام میں شامل کیا جائے بلکہ ان کو فوری طور پر مالی تعاون کے ساتھ ساتھ ہیلتھ کارڈ ز بھی جاری کئے جائیں تاکہ اخبار فروشوں کو ریلیف مل سکے۔ ملک عامر ڈوگر نے وفد کو یقین دلایا کہ بہت جلد آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے نمائندہ وفد کی وزیر اعظم پاکستان سے ملاقات کروائی جائے گی۔

احساس پروگرام اور ہیلتھ کارڈز میں بھی اخبار فروشوں کو شامل کیا جائیگا۔ ملک عامر ڈوگر نے کہا کہ بلا شبہ ٹکا خان مزدوروں کے رہنما اور اخبار فروشوں کے حقوق کے علمبردارہیں۔ ملک عامر ڈوگر نے شیخ صلاح الدین، ملک عرفان اترا ،ملک مسعود الحسن کو ملتان کے اخبار فروشوں کے لیے خدمات کو سراہا اور یقین دلایاکہ صحافی کالونی کی طرز پر ملتان کے اخبار فروش بھائیوں کے لئے بھی وزیر اعلی پنجاب سے مل کر اخبار فروش کالونی کے لئے جدوجہد کروں گا۔

ملاقات کے آخرپر ٹکا خان نے قومی اسمبلی کے چیف وہیپ ملک عامر ڈوگرکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک عامر ڈوگر ملتان کے ایک معزز سیاسی گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں اور ہمیشہ لوگوں کے بے لوث خدمت میں پیش پیش ہوتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ملتان کے لوگ اس خاندان پر بھرپور اعتماد کرتے ہیں۔