پاکستان کے سفیر احمد علی سروہی کی جانب سے نائجیر کے دوسو ریجن میں سیلاب متاثر شہریوں میں چاولوں کے 500 بیگز تقسیم

پیر 26 اکتوبر 2020 23:37

نیامی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2020ء) پاکستان کے سفیر احمد علی سروہی نے نائجیر کے دوسو ریجن میں سیلاب متاثر شہریوں میں چاولوں کے 500 بیگز تقسیم کیے،علاقے کے گورنر نے پاکستان کا شکریہ ادا کیا،جس نے سب سے پہلے متاثرین کی مدد کی۔نائجیر کے دوسو ریجن کے بیلا گائوں میں سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے پاکستان کے سفیر احمد علی سروہی نے دورہ کیا۔

دوسو کا گورنر عثمان موسی،جن کا اسی علاقے سے تعلق ہے،انہوں نے مدد کیلیے پاکستان کے سفارتخانے سے رابطہ کیا۔دوسو یونیورسٹی کے سیکریٹری جنرل نے بھی پاکستان کے سفارتخانے سے رابطہ کیا تاکہ سیلاب متاثرین کی مدد کی جا سکے۔انہوں نے پاکستانی سفارتخانے کو متاثرین کی ہنگامی بنیاد پر مدد کرنے کے لئے کہا۔

(جاری ہے)

نیامی میں پاکستان کے سفیر احمد علی سروہی نے مدد کی یقین دہانی کرائی اور 500 کٹے چاول بھیجے۔

اس حوالے سے ہونے والی تقریب میں دوسو کے گورنر، یونیورسٹی کے سیکریٹری جنرل،ضلعی انتظامیہ کے ارکان،شہر کا میئر اور مقامی نمائندے موجود تھے۔شہری نمائندوں نے پاکستان کے سفارتخانے کی تعریف کی اور کہا کہ جب سے علاقے میں سیلاب نے تباہی مچائی ہے، پاکستان واحد ملک ہے،جنہوں نے یکجہتی کا اظہار کیا۔سفیر نے سیلاب سے متاثرمتعدد علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین میں فوڈ پیکیٹس بھی تقسیم کیے۔

اس موقع پر دوسو کے گورنر نے متاثرین کی مدد کرنے پر سفیر اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔واضح رہے کہ متاثر علاقہ دارالحکومت نیامی سے 250 کلومیٹر دور ہے۔چاول خصوصی طور بیواہ خواتین میں تقسیم کیے گئے۔پاکستان کے سفیر احمد علی سروہی نے یقین دلایا کہ پاکستان آئندہ بھی برادر ملک کی مدد جاری رکھے گا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام نائجیر کے عوام سے والہانہ محبت کرتے ہیں اور ضرورت کے وقت وہ پیچھے نہیں ھٹیں گے۔