پاکستان زمبابوے سیریز: تمام 107 ٹیسٹ کی رپورٹس منفی

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ایک روزہ سیریز سے قبل اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں لیے گئے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں، منیجمنٹ اراکین اور آفیشلز کے کُل 107 ٹیسٹ کی رپورٹس منفی آئی ہیں

منگل 27 اکتوبر 2020 11:32

پاکستان زمبابوے سیریز: تمام 107 ٹیسٹ کی رپورٹس منفی
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 اکتوبر2020ء) پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ایک روزہ سیریز سے قبل اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں لیے گئے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں، منیجمنٹ اراکین اور آفیشلز کے کُل 107 ٹیسٹ کی رپورٹس منفی آئی ہیں۔
ان تمام افراد کے کورونا ٹیسٹ گزشتہ روز لیے گئے تھے، جس کی رپورٹس منفی آنے کے بعد اب یہ تمام کھلاڑی، منیجمنٹ اراکین اور آفیشلز بائیو سیکیور ببل کا حصہ بن گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ان تمام افراد کو آپس میں ملنے جلنے کی مکمل آزادی ہے۔
قومی اسکواڈ 26 اکتوبر بروز پیر کو بذریعہ روڈ لاہور سے اسلام آباد پہنچا تھا جبکہ مہمان اسکواڈ میں شامل کھلاڑی اور آفیشلز بھی گزشتہ روز اسلام آباد کے مقامی ہوٹل منتقل ہوئے تھے۔
 آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ سپر لیگ میں شامل ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے لییدونوں اسکواڈز آج بروز منگل سے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں ٹریننگ کا آغاز کردیں گے۔دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ایک روزہ میچ تیس اکتوبر کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔