کورونا کیسز کی تصدیق پر اسلام آباد کی ایک اور یونیورسٹی بند کردی گئی

انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ، یونیورسٹی 29 اکتوبر تک بند رہے گی ، ریکٹر کا اعلان

Sajid Ali ساجد علی منگل 27 اکتوبر 2020 14:20

کورونا کیسز کی تصدیق پر اسلام آباد کی ایک اور یونیورسٹی بند کردی گئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 اکتوبر2020ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تصدیق ہونے کی بناء پر ایک اور یونیورسٹی کو بند کردیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں واقع انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات سے لیے جانے والے نمونوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ، جس کے باعث انتظامیہ کی طرف سے یونیورسٹی کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

دسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے مطابق یونیورسٹی میں کورونا کے 2 کیسز رپورٹ سامنے آئے ، جس کی وجہ سے متعلقہ شعبہ جات کو سیل کیے جانے کا امکان ہے۔ جب کہ انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کے ریکٹر نے بتایا کہ کورونا کیسز کی تصدیق ہونے کے بعد اسے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ، جس کے تحت یونیورسٹی 29 اکتوبر تک بند رہے گی۔

(جاری ہے)

دوسری طرف اسلام آباد میں ہی واقع قائد اعظم یونیورسٹی میں 5 کرونا کیسز کی تصدیق ہوگئی ،قائد اعظم یونیورسٹی کے مختلف ڈیپارٹمنٹس سے کرونا کیسز کی تصدیق ہوئی جس کی وجہ سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے قائد اعظم یونیورسٹی کے متعلقہ ڈیپارٹمنٹس کو سیل کرنے کا مراسلہ جاری کر دیا ، خط میں کہاگیاکہ انفیکشن کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کیلئے کلاسوں، کیفے اور کیمپس کے اندر سماجی فاصلے اور ماسک پہننے کی احتیاطی تدابیر اختیار کریں ، جب کہ سیل نہ کیے جانے والے ڈیپاراٹمنٹس میں ایس او پیز پر عملدرآمد لازمی ہوگا ، اس کے ساتھ ساتھ خط میں کرونا سے متاثرہ افراد سے رابطہ میں رہنے والے افراد کو فورا کورنٹین میں رہنے کی ہدایت کی گئی۔

قبل زیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں واقع ایک مقامی میڈیکل کالج میں کورونا کے 8 کیسز سامنے آگئے تدریسی عمل ایک ہفتے کے لیے معطل کردیا گیا ، بتایاگیا کہ اسلام آباد کے میڈیکل کالج میں 8 کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد انتظامیہ کی طرف سے ایک ہفتے کے لیے کالج کو بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ، جس کے بعد کالج میں یکم نومبر تک تدریسی عمل معطل رہے گا، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ، جس میں طلبہ کو گھر پر رہ کر کورونا ایس او پیز پر عمل کرنے کی ہدایت کردی گئی۔