ترکی میں 1370 بے روزگاروں کی خود کشی، عوام کو حکومتی ڈیٹا پر اعتبار نہیں

ترکی میں 1.8 کروڑ افراد غربت کے گڑھے کے کنارے پر پہنچ گئے ہیں، کنفیڈریشن آف پروگریسو ٹریڈ یونینز

منگل 27 اکتوبر 2020 15:15

انقرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2020ء) ترکی میں بے روزگار افراد اور بھوک کا سامنا کرنے والے افراد کی تعداد کے حوالے سے خوف ناک اعداد وشمار سامنے آئے ہیں۔ اس صورت حال کے پیچھے کئی برس سے ترک کرنسی کی قدر میں شدید کمی اور ملک میں کرونا وائرس کے پھیلا کے عوامل کار فرما ہیں جن کے سبب ہزاروں افراد ملازمتوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

عرب ٹی وی کے مطابق ترکی میں کنفیڈریشن آف پروگریسو ٹریڈ یونینز نے بتایاکہ ملک میں 1.6 کروڑ شہریوں کو غربت اور 1.7 کروڑ دیگر افراد کو بے روزگاری اور کام کے مواقع میسر نہ ہونے کا سامنا ہے۔ اسی طرح ترکی میں 1.8 کروڑ افراد غربت کے گڑھے کے کنارے پر پہنچ گئے ہیں۔ قبل ازیں ترکی میں شماریات کے سرکاری ادارے کی جانب سے جاری معلومات میں بتایا گیا کہ 2015 سے اب تک ملک میں غربت کے سبب 1370 افراد خود کشی کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

ادارے کے مطابق رواں سال کے ابتدائی آٹھ ماہ کے دوران ترکی میں 54 افراد نے اپنی زندگیاں ختم کر ڈالیں۔ اس سے قبل 2018 اور 2019 کے درمیان ملک میں غربت اور بے روزگاری کے سبب 566 افراد نے خود کشی کی۔ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن کی حکومت سرکاری طور پر ملک میں 40 لاکھ بے روز گاروں کی موجودگی کا اعتراف کرتی ہے۔ تاہم کنفیڈریشن آف پروگریسو ٹریڈ یونینز اور معیشت کے ماہرین سرکاری ادارہ برائے شماریات کی جانب سے اعلان کردہ اس تعداد کے درست ہونے میں شکوک کا اظہار کرتے ہیں۔