قومی کرکٹر فواد عالم صحافی کے سوال پر خفا ہوگئے

ڈومیسٹک پرفارمر کہنے پر جواب میں کہا کہ یہ صرف آپ کی انفرادی سوچ تو ہوسکتی ہے لیکن میں نے اور کسی سے بھی ایسی کوئی بات نہیں سنی

Sajid Ali ساجد علی منگل 27 اکتوبر 2020 14:58

قومی کرکٹر فواد عالم صحافی کے سوال پر خفا ہوگئے
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 اکتوبر2020ء) صحافی کی طرف سے سوال میں ’ڈومیسٹک پرفارمر‘ کہے جانے پر قومی ٹیسٹ کرکٹر فواد عالم خفا ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل سٹیڈیم کراچی میں جاری قائد اعظم ٹرافی کے میچ کے دوران سندھ کی نمائندگی کرتے ہوئے فواد عالم نے ناٹ آوٹ 90 رنز کی اننگز کھیلی ، تاہم جب دوسرے دن کے اختتام پر پریس کانفرنس میں ان سے سوال پوچھا گیا کہ کرکٹ کے بین الاقوامی میچوں سے طویل عرصہ کی دوری کی وجہ سے کیا آپ ایسے کرکٹر بن گئے جو صرف ڈومیسٹک سطح پر ہی محدود رہنے والا اچھا پرفارمر ہے؟ اس کے جواب میں فواد عالم تھوڑے خفا ہوئے اور کہا کہ یہ صرف آپ کی انفرادی سوچ تو ہوسکتی ہے لیکن میں نے اور کسی سے بھی ایسی کوئی بات نہیں سنی ، اتنا ضرور ہے کہ طویل وقفے بعد کھیل کا دوبارہ آغاز کرنے پر کچھ مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ ٹیسٹ کرکٹر فواد عالم کو 11 سال بعد قومی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کا موقع ملا ، جب انہوں نے ٹیم کے ساتھ انگلینڈ کا دورہ کیا ، تاہم وہ کوئی متاثر کن کارکردگی نہ دکھ سکے اور مایوس کن کم بیک کے بعد بلے باز صفر پر ہی پویلین لوٹ گئے، جب کہ اس سے قبل نومبر 2009ء میں 34 سالہ فواد عالم نے آخری ٹیسٹ نیوزی لینڈ کے خلاف ڈیونیڈن میں کھیلا تھا اس وقت موجودہ کوچ مصباح الحق پاکستانی ٹیم میں بطور کھلاڑی شامل تھے۔

دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ نے فواد عالم کو اے پلس کنٹریکٹ دیدیا ، تفصیلات کے مطابق 192 میں سے 10 کھلاڑی اے پلس کیٹگری میں ڈیڑھ لاکھ روپے ماہانہ، اے کیٹگری میں 38 کھلاڑی 85 ہزار،بی کیٹگری میں 37 پلیئرز 75 ہزار،سی کیٹگری میں 71 کھلاڑی 65 ہزار جبکہ ڈی کیٹگری میں شامل 26 کھلاڑی 40 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ وصول کریںگے۔